امریکی کانگریس میں پاکستانی صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کا بڑا اعزاز

امریکی کانگریس میں پاکستانی صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کا بڑا اعزاز

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس میں منعقدہ ’’شی لیڈز دی نیشنز‘‘ گلوبل سمٹ کے دوران موسیقی اور ثقافتی سفارت کاری میں نمایاں خدمات پر عالمی اعزاز سے نوازا گیا۔

اس عالمی سربراہی اجلاس میں امریکا سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنما، ماہرین اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن کا تعلق حکومت، میڈیا، کاروبار، تعلیم، صحت، دفاع اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں سے تھا۔ تقریب کے دوران دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی 14 خواتین رہنماؤں کو قیادت، سماجی خدمات اور عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرنے پر اعزازات سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹام کروز کی بیٹی سوری نے بڑا فیصلہ کر لیا، والد کا نام ہٹا دیا

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے سائرہ پیٹر نے کہا کہ امریکی کانگریس میں پرفارم کرنا اور’’شی لیڈز دی نیشنز ایوارڈ‘‘ حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور اس موقع کو اپنی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔

سائرہ پیٹر نے بتایا کہ انہیں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے خصوصی دورے کی دعوت بھی دی گئی، جہاں ان کی میزبانی آفس آف ڈیموکریسی، ہیومن رائٹس اینڈ لیبر کی بیلس رومیرو نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم کے سامنے روایتی لباس میں تصاویر بنوانا ان کے لیے فخر کا لمحہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کیا نادیہ خان کی طلاق ہو گئی؟ اداکارہ نے تصویر شیئر کر کے حقیقت بتا دی

سائرہ پیٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ صوفی موسیقی کے ذریعے محروم خواتین اور بچوں میں امید، وقار اور حوصلہ پیدا کرنے کا مشن جاری رکھیں گی۔

افتتاحی تقریب میں انہوں نے مشہور اوپیرا آریا ’’ آئی نو داٹ مائے ریڈیمر لوتھ‘‘ پیش کیا، جسے دنیا بھر کی مظلوم خواتین کے نام منسوب کیا گیا۔ ان کی پرفارمنس کو شرکا نے بھرپور داد دی۔

سائرہ پیٹر اس وقت این جے آرٹس لندن کی ڈائریکٹر ہیں اور لاہور میں سائرہ آرٹس اکیڈمی کی بانی بھی ہیں، جہاں وہ نوجوان خواتین کو اوپیرا گائیکی کی تربیت فراہم کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے ایک اور پرتعیش گھر خرید لیا، قیمت کتنی؟

وہ برطانیہ، امریکا، جرمنی، ترکی اور پاکستان سمیت مختلف ممالک میں اپنی سولو کلاسیکل پرفارمنس پیش کر چکی ہیں۔ 2021 میں انہوں نے ترکی کے شہر قونیہ میں منعقدہ بین الاقوامی صوفی موسیقی میلے میں بھی پرفارم کیا، جبکہ 2025 میں اسلام آباد میں ہونے والے ایک خصوصی موسیقی پروگرام میں بھی شرکت کی، جہاں ان کی خدمات کو خوب سراہا گیا۔

editor

Related Articles