مختلف میسجنگ ایپس کے ذریعے روزانہ کروڑوں نہیں بلکہ اربوں پیغامات ایک دوسرے تک پہنچتے ہیں ، اس دوران کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کوئی شخص غلطی سے ایسا میسج بھیج دیتا ہے جسے بعد میں ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے۔
انسان ہونے کے ناطے جو تجسس ہے وہ اسے بے چین کیے رکھتے ہیں کہ آخر کیا میسج ڈیلیٹ کیا گیا ؟ اکثر صارفین کے لیے صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوجاتی ہے جب فون پر کسی پیغام کا نوٹیفکیشن تو موصول ہوجائے، لیکن ایپ کھولنے تک بھیجنے والا اسے ڈیلیٹ کرچکا ہو۔
عام طور پر ڈیلیٹ کیا گیا میسج دوبارہ چیٹ میں واپس نہیں آتا، تاہم اینڈرائیڈ فونز میں موجود ایک کارآمد فیچر ایسی صورتحال میں مدد دے سکتا ہے۔
اینڈرائیڈ کا نوٹیفکیشن ہسٹری فیچر کیا ہے؟
اس فیچر کو Notification History کہا جاتا ہے۔ اس کے ذریعے فون پر موصول ہونے والے مختلف نوٹیفکیشنز کا ریکارڈ دیکھا جاسکتا ہے اس میں میسجنگ ایپس کے پیغامات کے علاوہ دیگر ایپس کے الرٹس، ٹیکسٹ اور بعض دیگر نوٹیفکیشنز بھی شامل ہوسکتے ہیں۔
یعنی اگر کسی میسج کا نوٹیفکیشن آپ کے فون پر آیا تھا اور بعد میں وہ پیغام چیٹ سے ڈیلیٹ کردیا گیا، تو بعض صورتوں میں اس کا متن نوٹیفکیشن ہسٹری میں موجود رہ سکتا ہے۔
یہ فیچر گزشتہ 24 گھنٹوں کے نوٹیفکیشنز دیکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سے یہ بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فون پر کون سی ایپس مسلسل غیر ضروری الرٹس بھیج رہی ہیں۔
نوٹیفکیشن ہسٹری کیسے آن کریں؟
اینڈرائیڈ فون میں اس فیچر کو فعال کرنے کا طریقہ کافی آسان ہے۔
اس کے لیے اینڈرائیڈ فون میں سیٹنگز میں جائیں اور نوٹیفکیشنز کو سلیکٹ کریں ، اس کے بعد منیج میں نوٹیفکیشن ہسٹری پر کلک کریں اور اسے ان ایبل کر دیں۔
اگر آپ کو نوٹیفکیشن ہسٹری کو تلاش کرنے میں مشکل ہو رہی ہے تو سیٹنگز کی سرچ بار میں نوٹیفکیشن ہسٹری ٹائپ کریں۔
فیچر فعال ہونے کے بعد فون موصول ہونے والے نوٹیفکیشنز کا ریکارڈ محفوظ کرنا شروع کردے گا۔
ڈیلیٹ میسج دیکھنے میں چند اہم باتیں
یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ نوٹیفکیشن ہسٹری ڈیلیٹ کیے گئے میسجز کو چیٹ میں واپس بحال نہیں کرتی ، یہ صرف اس نوٹیفکیشن کا ریکارڈ دکھا سکتی ہے جو پہلے ہی فون پر موصول ہوچکا ہو۔
نوٹیفکیشن ہسٹری میں موجود ریکارڈ عام طور پر 24 گھنٹے تک دیکھا جاسکتا ہے، جس کے بعد وہ خود بخود ختم ہوجاتا ہے۔
اسی طرح اگر کسی چیٹ یا ایپ کے نوٹیفکیشنز پہلے ہی بند یا میوٹ کیے گئے ہوں تو ان پیغامات کا ریکارڈ بھی نوٹیفکیشن ہسٹری میں دستیاب نہیں ہوگا۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ بہت طویل پیغامات کا مکمل متن بھی ہمیشہ نظر نہیں آتا، ایسے معاملے میں نوٹیفکیشن ہسٹری صرف پیغام کا کچھ حصہ یا چند ابتدائی لائنیں دکھا سکتی ہے۔
لہٰذا اینڈرائیڈ کا یہ فیچر کسی ڈیلیٹ شدہ چیٹ کو واپس لانے کا طریقہ نہیں، بلکہ پہلے سے موصول ہونے والے نوٹیفکیشنز کا ریکارڈ دیکھنے کا ایک مفید ذریعہ ہے۔