پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں کے سامان کی ترسیل میں تاخیر اور سروس اسٹینڈرڈز کی خلاف ورزی پر متعدد ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے16 لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یکم جولائی سے 15 اگست 2026 کے دوران ملک بھر کے مختلف ایئرپورٹس پر مسافروں کے سامان کی بروقت ترسیل نہ ہونے کے 19 کیسز رپورٹ ہوئےپی اے اے نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر 8 ایئرلائنز پر مجموعی طور پر 16 لاکھ 20 ہزار روپے کے مالیاتی جرمانے عائد کیے ہیں۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کو مسافروں کے سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کا پابند کیا جا رہا ہے تاکہ سفر کے دوران مسافروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
پی اے اے نے واضح کیا ہے کہ مقررہ سروس اسٹینڈرڈز اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والی ایئرلائنز کے خلاف ضوابط کے تحت سخت قانونی اور انتظامی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔