بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے انسداد پولیو ٹیم کے سیکیورٹی سکواڈ پر فائرنگ کر دی جس سے 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
پولیس زرائع کے مطابق کلی جمال آباد میں پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جن کی شناخت عبدالروف اور یاسر کے نام سے ہوئی ہے ۔
واقعہ سے علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی ہے ، زرائع کے مطابق شرپسند مسلح افراد شہیدپولیس اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی ساتھ لے گئے ۔
شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دی گئی ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں محمد یاسر اور عبدالروف کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی ٹیم پر حملہ درندہ صفت عناصر کا گھناؤنا اور ناقابل معافی فعل ہے، حملہ کرنے والے درندے عبرتناک انجام کے مستحق ہیں۔
بلوچستان حکومت کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بتایا کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملہ بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے، فتنہ الہندوستان بلوچستان کے امن اور بلوچستان کے بچوں کے مستقبل کا دشمن ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن آئے، ترقی ہو اور بیماریوں کا خاتمہ ہو، فتنہ
الہندوستان نہیں چاہتا کہ بلوچستان کے بچے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھیں۔