کراچ کے نواح میں قائم تھڈو ڈیم اوور فلو ہوگیا، صورتحال کے پیش نظر ملیر میمن گوٹھ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، کراچی میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھڈو ڈیم میں سطح بلند ہونے سے پانی ایم نائن موٹر وے تک پہنچ گیا۔ جمالی پل کے قریب ایم نائن موٹروے پر سیلاب کا پانی آگیا، ایم نائن موٹر وے پر پانی کی وجہ سے کراچی حیدرآباد کے درمیان ٹریفک معطل ہوگیا۔
کمشنر کراچی نے چیف سیکریٹری کی ہدایت پر ٹیم روانہ کر دی، سندھ حکومت نے ایم نائن موٹر وے کی بیچ کی دیوار توڑ کر پانی کو راستہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے فوری طور پر ایم نائن موٹر وے کلیئر کروا کر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
تھڈو ڈیم اوور فلو ہونے سے گڈاپ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ملیر میمن گوٹھ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
گڈاپ کے قریب تھڈو ندی میں رکشہ اور گاڑی گرگئے، علاقہ مکینوں کے مطابق حادثے میں ایک خاتون پانی کے ریلے میں بہہ گئی، گرنے والی گاڑی میں ایک خاتون اور ڈرائیور پھنسے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ کونکر ندی میں پانی کی سطح بلند ہے،امدادی ٹیموں کو ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، پولیس اہلکار اور ریسکیو ادارے گاڑیاں تلاش کررہے ہیں۔
کراچی میں ناگن چورنگی پر نالہ اوور فلو ہوگیا، جس کے باعث سخی حسن تک ٹریفک کیلیے راستہ بند ہوگیا۔ ناگن چورنگی سے نیو کراچی جانے والاراستے پر کافی پانی جمع ہے، سیوریج کا پانی دکانوں، فلیٹوں کے مرکزی دروازوں پر جمع ہوگیا۔
علاوہ ازیں لاسی گوٹھ، سکھیا گوٹھ اور دیگر گوٹھوں میں ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوگئی، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑہا ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے2فیکٹریوں کی دیواریں گر گئیں۔ کراچی کے مضافات کی ندیوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد ملیر اور لیاری ندی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
بارشوں کے باعث کراچی کے مضافات میں مول ندی، کھدیجی ندی، جرندہ ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے، چاروں ندیوں کا پانی اکٹھا ہو کر ملیر ندی میں شامل ہونے سے ملیر ندی کی سطح بلند ہوگئی۔ لیاری ندی میں بھی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ملیر ندی کے اطراف کی آبادیوں میں پانی داخل ہونے لگا، رہائشیوں نے نقل مکانی شروع کردی، لوگ محفوظ مقامات کی جانب جانے لگے۔
کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد پانی کا بڑا ریلہ لیاری ایکسپریس وے پر آگیا، سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 2 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ لیاری ایکسپریس وے پر سیلابی پانی گھروں کا سامان بہا کر لے گیا، لیاری ندی کا سیلابی پانی نشتر بستی کی ایک مسجد میں بھی داخل ہوگیا۔
سہراب گوٹھ حسن، نعمان کالونی میں علاقہ مکینوں کے سینے تک پانی آگیا ہے، لوگوں نے مدد کی اپیل کردی۔ دوسری جانب کراچی کے تمام علاقوں میں ریسکیو رضا کار متحرک ہیں۔ایدھی، چھیپا اور ریسکیو 1122 کے رضا کار اپنی جان پر کھیل کر شہریوں کی جان بچانے لگے، پولیس اور ٹریفک پولیس کی نفری بھی سڑکوں پر موجود ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے باوجود حکومتی عہدیداران، چیئرمین اور یوسی کی سطح پر نمائندے جائے وقوعہ سے تاحال غائب ہیں۔