موبائل پیکجز اور سولر پینلز مزید مہنگے ہونے کا خدشہ، وجہ سامنے آگئی

موبائل پیکجز اور سولر پینلز مزید مہنگے ہونے کا خدشہ، وجہ سامنے آگئی

پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا نہ ہونے یا حکومتی اخراجات مقررہ حد سے تجاوز کرنے کی صورت میں جنوری میں 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکس اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت کی جانب سے یہ یقین دہانی آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ اقدامات میں لینڈ لائن اور موبائل فون کالز پر ٹیکسوں میں اضافہ، بینکوں سے نقد رقم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھانے، سولر پینلز پر سیلز ٹیکس 10 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے جبکہ کنفیکشنری مصنوعات اور بسکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

حکومت عمومی سیلز ٹیکس کی شرح 18 سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، جس سے سالانہ 225 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہوسکتی ہے، تاہم فی الحال حکومت کی توجہ مخصوص شعبوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے پر مرکوز ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔ مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران 198 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 29 اکتوبر تک ٹیکس وصولیاں 3 ہزار 650 ارب روپے تک پہنچیں۔ چار ماہ کا ہدف حاصل کرنے کے لیے مزید 460 ارب روپے درکار تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ انتظامیہ کا بھارت، چین اور یورپی یونین سمیت 14 بڑی معیشتوں پر نئے ٹیکسز لگانے کی تیاری، عالمی منڈی میں نئی تجارتی جنگ کے خدشات

مجوزہ منصوبے کے تحت نان فائلرز کے بینکوں سے نقد رقم نکلوانے پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.8 سے بڑھا کر 1.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے، جس سے سالانہ 30 ارب روپے کی اضافی آمدن متوقع ہے۔

لینڈ لائن فون بلوں پر ودہولڈنگ ٹیکس 10 سے بڑھا کر 12.5 فیصد کرنے سے سالانہ 20 ارب روپے جبکہ موبائل فون کالز پر ٹیکس کی شرح 15 سے بڑھا کر 17.5 فیصد کرنے سے 24 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اسی طرح کنفیکشنری مصنوعات اور بسکٹ پر 16 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے سے سالانہ 70 ارب روپے کی اضافی آمدن متوقع ہے۔

اضافی ٹیکس اقدامات کا منصوبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سندھ اور پنجاب نے زرعی آمدن پر 45 فیصد تک بڑھائی گئی ٹیکس شرحوں کے تحت وصولیاں ایک سال کے لیے مؤخر کردی ہیں۔

دوسری جانب ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں توسیع کے اقدامات پر بڑی حد تک عملدرآمد نہیں ہوسکا، جس کے باعث اضافی ٹیکسوں کا زیادہ تر بوجھ موجودہ ٹیکس دہندگان پر پڑنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سٹاف لیول معاہدہ ، آئی ایم ایف نے پاکستان کو بڑی خوشخبری سنا دی

آئی ایم ایف نے پاکستان کے سالانہ پرائمری بجٹ سرپلس کا ہدف مجموعی ملکی پیداوار کے 1.6 فیصد، یعنی 2 ہزار 100 ارب روپے سے کم کرنے سے تاحال انکار کیا ہے، تاہم سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حتمی تخمینے موصول ہونے کے بعد ہدف کا دوبارہ جائزہ لینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

عالمی بینک نے بھی سیلاب سے ہونے والے نقصانات ابتدائی اندازوں سے کم رہنے کے بعد پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ بڑھا کر 3 فیصد کردیا ہے۔

حکومت کو توقع ہے کہ حتمی منظوریوں اور مالیاتی اہداف پر آئی ایم ایف کے اتفاق کی صورت میں مجوزہ 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکسوں میں سے نصف رقم جنوری سے جون 2026 کے دوران وصول کی جاسکے گی۔

Related Articles