پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عالمی اداروں اور بین الاقوامی برادری سے فوری طور پر امداد کی اپیل کرے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بین الاقوامی امداد کی اپیل نہ کرنے سے لاکھوں متاثرہ شہری اس مدد سے محروم رہ سکتے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں، انہوں نے زور دیا کہ حکومت فوری طور پر عالمی اداروں سے رجوع کرے تاکہ متاثرین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کےاعلان کو خوش آئند قرار دیا، تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تاحال گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور خاص طور پر جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسی قسم کا ریلیف پیکج نہیں دیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے انہیں ذاتی طور پر یقین دہانی کرائی تھی کہ متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مدد فراہم کی جائے گی، لیکن اس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ کے نظام کے تحت عالمی امداد کی اپیل میں تاخیر ناقابلِ فہم ہے، حالانکہ ایسی آفات کے دوران دنیا بھر میں فوری طور پر یہ اپیل کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں جب وہ وزیرِ خارجہ تھے تو اسی طرح کی آفت کے بعد عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی گئی تھی، اسی طرح 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے دوران بھی پاکستان نے فوری طور پر دنیا سے مدد طلب کی تھی، انہوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک قدرتی آفات کے ابتدائی 72 گھنٹوں میں امداد کے لیے اپیل کرتے ہیں تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت متاثرین کی مدد کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں قراردادیں پیش کرے گی تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے،انہوں نے بتایا کہ وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب اور سندھ کے متاثرہ علاقوں کے دوروں کے دوران ان کی ملاقات وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر زراعت سے ہوئی، جن میں کسانوں اور زرعی معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان زرعی شعبے کو پہنچا ہے اور امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت بھی زراعت کی بحالی اور متاثرہ کسانوں کی مدد کے لیے پیپلز پارٹی کے اقدامات میں ساتھ دے گی۔