سیاسی مراعات اور معافیوں کا دور ختم، فضل الرحمان سے اب وہ تمام سوالات پوچھے جائیں، جو آج تک نہیں پوچھے گئے، حکام

سیاسی مراعات اور معافیوں کا دور ختم، فضل الرحمان سے اب وہ تمام سوالات پوچھے جائیں، جو آج تک نہیں پوچھے گئے، حکام

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دیے گئے انتباہ ’جہاں ہو وہیں رک جاؤ ورنہ ہم نہیں رکیں گے‘ کے جواب میں اینکر پرسن منیب فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ ریاست مخالف بیانیہ ناقابل قبول ہے اور فضل الرحمان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) و وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

اپنے ایک پوڈ کاسٹف نے منیب فاروق نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کے تسلسل میں سخت لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ ’جہاں ہو وہیں رک جاؤ ورنہ ہم نہیں رکیں گے اور تمہاری جیلیں ختم ہو جائیں گی‘۔

ان بیانات کے منظر عام پر آنے کے بعد سامنے آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کی جانب سے دوٹوک جواب دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ ریاست کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:اقتدار کے ہر دسترخوان پر حاضری اور احتساب پر دہائی، فضل الرحمان کی مفاد پرستانہ سیاست کا تضاد بے نقاب

میڈیا رپورٹس میں حکام کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کی مبینہ کرپشن اور بدعنوانیوں کے خلاف نیب اور ایف آئی اے کی قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سیاسی استثنیٰ کی واپسی اور احتساب کا عندیہ

ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ملکی تاریخ میں بے پناہ سیاسی معافیاں ملی ہیں اور انہیں اقتدار و سیاست میں بے شمار مراعات حاصل رہی ہیں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ ان سے وہ تمام سوالات کھل کر پوچھے جائیں جو آج تک نہیں پوچھے گئے۔

رپورٹس کے مطابق حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان ریاست کے مفاد کے خلاف بات کریں گے یا ریاستی اداروں کے حوالے سے منفی اثرات کی حامل گفتگو جاری رکھیں گے، تو ان سے حاصل شدہ سیاسی استثنیٰ واپس لے کر ہر معاملے کا حساب مانگا جائے گا۔

نیب اور ایف آئی اے کے نوٹسز کا تسلسل

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جاری سختی اور ان کے صاحبزادے سمیت قریبی حلقوں کو نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹسز کا سلسلہ فی الحال اسی طرح جاری رہے گا اور اس میں کسی قسم کی نرمی کے آثار نظر نہیں آ رہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مولانا فضل الرحمان کے بیانیے پر بحث جاری ہے اور مختلف صارفین کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان کے اثاثوں کی تحقیقات کی جائیں اور قول و فعل کے تضاد کا جائزہ لیا جائے۔

مزید پڑھیں:دوسروں کے لیے احتساب کا پھندا، اپنے گوشواروں میں اثاثوں کا گورکھ دھندا، فضل الرحمان پہلے اپنا حساب دیں، سوشل میڈیا صارفین پھٹ پڑے

واضح رہے کہ پاکستانی سیاست میں مولانا فضل الرحمان گزشتہ کئی دہائیوں سے اہم سیاسی و پارلیمانی کردار ادا کرتے آ رہے ہیں اور مختلف ادوار میں وفاقی حکومتوں اور اہم کمیٹیوں کا حصہ رہے ہیں۔

ماضی میں بھی نیب کی جانب سے ان کے اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثوں اور سرکاری اراضی کی مبینہ الاٹمنٹ سے متعلق انکوائریاں شروع کی گئی تھیں جو سیاسی اتار چڑھاؤ کے باعث مختلف مراحل سے گزرتی رہی ہیں۔

یہ بھ پڑھیں:فضل الرحمان کی سیاست اصولوں پر نہیں، مال اور مفادات پر چلتی ہے، علامہ شمس الدین کی پرانی ویڈیو دوبارہ وائرل

موجودہ سیاسی تناؤ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مقتدر حلقوں اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت کے درمیان خلیج مزید وسیع ہو رہی ہے۔

ایک جانب احتجاجی سیاست اور سخت بیانات کے ذریعے سیاسی دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تو دوسری جانب قانونی و احتسابی اداروں کی کارروائیوں کے ذریعے جوابی دباؤ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس محاذ آرائی کا رخ ملکی سیاست اور پارلیمانی صف بندیوں پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

Related Articles