پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اعتماد، خلوص اور اخوت کی بنیاد پر قائم ہیں، سعودیہ میں اسلام کے دو مقدس ترین مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مضبوط روحانی تعلق ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری نہ صرف ہمارے باہمی اعتماد کی آئینہ دار ہے بلکہ خطے میں امن اور استحکام کی جانب بھی ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کرتے پیغام میں کہا ہے کہ ریاض کے حالیہ دورے کے دوران انہیں اور پاکستانی وفد کو ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت بھری مہمان نوازی باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے سعودی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں ترقی کے عظیم سفر پر گامزن ہے اور آج عالمی برادری میں اس کا بلند مقام بصیرت اور دانشمندی کی مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عوام اور قیادت کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے معاشی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جس نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا، لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اس دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے، اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت سے نوازے۔
سعودی عرب کا قومی دن
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ہر سال 23؍ستمبر کو قومی یومِ سعودی عرب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1932ء میں شاہ عبد العزیز بن عبد الرحمن آل سعود کے ذریعے مملکتِ سعودی عرب کے قیام کی مناسبت سے یوم تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔
سعودی حکومت اور عوام کی طرف سے اِس دن مختلف روایتی تہواروں اور تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے، سڑکوں اور عمارتوں کو سعودی پرچموں سے سجایا جاتا ہے اور لوگ سبز اور سفید لباس زیب تن کرتے ہیں، مملکت کو سبز اور سفید سعودی غباروں سے سجایا جاتا ہے۔
23 ستمبر کو مملکتِ سعودی عرب کے قومی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ ممتاز سعودی فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز آل سعود کے دور میں اگست 1965ء میں اُن کی طرف سے جاری کردہ ایک شاہی فرمان کے تحت کیا گیا اور اِسی سال 23ستمبر کو پہلی بار یہ دن باقاعدہ سرکاری طور پر منایا گیا۔