وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا جس میں دونوں ممالک کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی اور کرکٹ کے ذریعے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک جنوبی افریقہ کرکٹ سیریز نہ صرف کھیلوں کے تعلقات بلکہ باہمی اعتماد اور احترام کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ نے دنیا کے عظیم ترین کرکٹرز پیدا کیے ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر کھیل کا معیار بلند کیا جبکہ پاکستان کے کھلاڑیوں نے بھی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں، محنت اور جذبے سے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔
شہباز شریف نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کارکردگی اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ یہ قوموں کو قریب لانے، بھائی چارے، امن اور برداشت کے فروغ کا ذریعہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے دونوں ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ہونے والی یہ سیریز کھیل کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔