دل کا بوجھ کچھ کم ہوا، عمران خان سے متعلق فیصلے پر سعد رفیق کا ردعمل

دل کا بوجھ کچھ کم ہوا، عمران خان سے متعلق فیصلے پر سعد رفیق کا ردعمل

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی اور اہل خانہ سے ملاقات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی الشفا ہسپتال منتقلی اور ان کی بہن سے ملاقات کا فیصلہ خوش آئند ہے اس فیصلے سے عدلیہ کا وقار بحال ہوگا۔

سعد رفیق نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ان کے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا ہے ان کے مطابق کسی بھی شخص کو طبی سہولیات اور اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے بنیادی حق سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ بہتر ہوتا اگر حکومت یہ فیصلہ خود کرتی اور اس معاملے میں عدالت کو مداخلت نہ کرنا پڑتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسے معاملات میں انسانی ہمدردی اور بنیادی حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے خود اقدامات کرنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں:بشری بی بی اور عمران خان کی ملاقات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

خواجہ سعد رفیق نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو موجودہ صورتحال میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برسات کی حبس زدہ رت میں یہ فیصلہ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے نہ صرف عمران خان کو طبی سہولیات اور اہل خانہ سے ملاقات کا حق ملے گا بلکہ اس سے عدالتی نظام اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے بھی ایک مثبت پیغام جائے گا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ ان کے اہل خانہ سے ملاقات اور بیٹوں سے ٹیلی فون پر رابطے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

عدالت نے عمران خان کے مکمل طبی ریکارڈ بھی طلب کیے ہیں اور ان کے علاج کے لیے مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles