اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی جیل ذرائع کے مطابق دونوں کی ملاقات جیل کے کانفرنس ہال میں ہوئی جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔
یہ ملاقات سپریم کورٹ کی جانب سے جاری احکامات کے بعد کرائی گئی ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے عمران خان کی صحت سے متعلق معاملات کے پیش نظر انہیں ہسپتال منتقل کرنے اور ان کے عزیز و اقارب کو ملاقات کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں۔
ملاقات کے لیے بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کے کانفرنس ہال میں لایا گیا جہاں ان کی عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات مقررہ طریقہ کار کے تحت ہوئی اور تقریباً 45 منٹ جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔
سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کو صحت کے مسائل کے باعث اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال، اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق انہیں ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل پینل کی نگرانی میں علاج فراہم کیا جائے گا اور عدالت نے ہسپتال میں قیام سے متعلق بھی حکم جاری کیا ہے۔
دوسری جانب بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ماضی میں دونوں کی ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتی احکامات اور جیل انتظامیہ کے درمیان معاملات زیر بحث آتے رہے ہیں۔ عدالتوں نے مختلف مواقع پر ملاقات سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔
حالیہ ملاقات کو بھی سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے سلسلے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان کیا گفتگو ہوئی اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے ملاقات میں مختلف ذاتی اور تنظیمی امور سے متعلق تفصیلی بات چیت کی ہے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں میں ممکنہ پیش رفت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر سماعت یا مختلف عدالتی مراحل میں ہیں۔
سپریم کورٹ کے تازہ حکم کے بعد اب عمران خان کی ہسپتال منتقلی طبی معائنے اور علاج کے طریقہ کار پر توجہ مرکوز ہے جبکہ عزیز و اقارب سے ملاقاتوں کے حوالے سے بھی عدالت کی ہدایات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے