صوبہ پنجاب کے شہر ملتان سے سردیوں کے آغاز پر ایک خوشگوار خبر سامنے آئی ہے، سردیوں کا مقبول ترین میوہ چلغوزہ ایک بار پھر عام آدمی کی پہنچ میں آ گیا ہے، کیونکہ اس کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، ملتان میں گزشتہ سال 16 ہزار روپے فی کلو فروخت ہونے والا چلغوزہ اس وقت صرف 8 ہزار روپے فی کلو میں دستیاب ہے، یعنی قیمت تقریباً آدھی رہ گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ رواں سال چلغوزے کی فصل غیر معمولی طور پر وافر ہوئی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں رسد بڑھنے سے نرخ نیچے آ گئے ہیں۔
ایک دکاندار کے مطابق ” پچھلے سال لوگ صرف دیکھ کر گزر جاتے تھے، مگر اس بار خریداروں کی تعداد بڑھ گئی ہے، ان کے بقول، چلغوزے کی قیمت میں کمی کے بعد مارکیٹوں میں رونق لوٹ آئی ہے اور سردیوں کے میوے فروخت کرنے والے تاجروں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے بھی قیمت میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے، ایک مقامی خریدار نے بتایا کہ “پچھلے سال چلغوزہ خریدنے سے پہلے دس بار سوچنا پڑتا تھا، مگر اب قیمت کم ہونے سے خریداری کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں چلغوزے کی پیداوار میں بہتری، درآمدات میں کمی، اور بہتر موسمی حالات نے اس سال اس کی فراہمی میں اضافہ کیا ہے ، نتیجتاً، نہ صرف ملتان بلکہ دیگر شہروں میں بھی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔