وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد ملک بھر میں پٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال بھی ملتوی کردی گئی ہے۔
ای سی سی کے اجلاس میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی سے متعلق سمری اجلاس میں پیش کی گئی، جس کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے مارجن بڑھانے کی منظوری دی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، علی پرویز ملک اور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر پٹرولیم کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ملتوی
اس سے قبل وزیر پٹرولیم کی جانب سے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کے بعد پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے بتایا کہ ملک بھر میں پٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے اگلے روز ہونے والی ہڑتال ملتوی کردی گئی ہے۔
ان کے مطابق وزیر پٹرولیم سے ابتدائی ملاقات کا ماحول سازگار نہیں تھا، تاہم بعد ازاں وزیر پٹرولیم نے تقریباً آدھے گھنٹے تک فون پر گفتگو کی اور ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔
ملک خدا بخش نے بتایا کہ وزیراعظم سے خصوصی منظوری حاصل کرنے کے بعد وزیر پٹرولیم نے ڈیلرز کے منافع مارجن میں ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کا عندیہ دیا تھا، جبکہ وزیر پٹرولیم کی مداخلت پر ای سی سی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے معاملے پر بھی ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔
ڈیلرز کا 8 فیصد اضافے کا مطالبہ
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر کے تمام پٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027 تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت سے منافع مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے اصولی طور پر مارجن میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا۔
طارق حسن کے مطابق وزارت پٹرولیم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے نظام سے متعلق سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس ڈیلرز کے تین سالہ انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 50 ملین ڈالر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے بجائے اسے سات روز تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کو بھجوائی گئی سمری کی منظوری کے بعد ای سی سی اور وفاقی کابینہ کرے گی۔
پیٹرول مارجن 10 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان
طارق حسن نے بتایا کہ مجوزہ اضافے کے بعد پٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر پٹرول مارجن بڑھ کر 10 روپے ہوجائے گا۔
ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری کو پٹرول پمپ مالکان اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ ہڑتال ملتوی ہونے سے ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے۔