مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو 5 لیٹر مفت پٹرول فراہم کرنے کے اعلان کے بعد سیکڑوں موٹر سائیکل سوار ان کے سیاسی ڈیرے پر پہنچ گئے۔
مفت پٹرول حاصل کرنے کے لیے شہریوں کے لیے شرط رکھی گئی کہ وہ اپنی موٹر سائیکل یا سواری پر پاکستان کا قومی پرچم لگا کر آئیں۔ اس سلسلے میں چنیوٹ میں قیصر احمد شیخ کے سیاسی ڈیرے پر شہریوں میں مفت پٹرول کے وائوچرز تقسیم کیے گئے۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ برس بھی تقریباً 7 ہزار موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے لیے 5، 5 لیٹر مفت پٹرول فراہم کرچکے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو فراہم کیا جانے والا مفت پٹرول سرکاری خزانے یا ان کی سرکاری تنخواہ سے نہیں بلکہ ذاتی وسائل سے فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی کے موجودہ دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا اس اقدام کا مقصد ہے۔
قیصر احمد شیخ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی اور دیگر اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے متحد ہوکر کام کریں۔
یہ سہولت بالخصوص موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والے شہریوں کے لیے رکھی گئی ہے، جبکہ یومِ آزادی کے موقع پر مفت پٹرول کے اعلان کے بعد بڑی تعداد میں شہری قومی پرچم کے ساتھ ان کے سیاسی ڈیرے پر پہنچے۔