پاکستان ہائی کمیشن لندن میں “یوم سیاہ جموں و کشمیر” کے حوالے سے تصویری نمائش اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین عمران حسین ایم پی (چیئر، آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے جموں و کشمیر)، عدنان حسین ایم پی، اور لارڈ قربان حسین نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن میں “یوم سیاہ جموں و کشمیر” کے حوالے سے تصویری نمائش اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور تقریب میں کشمیری اکابرین، برطانیہ میں مقیم کشمیری اور میڈیا کے نمائندگان نے بھی شریک کی۔
کلیدی خطاب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔
ہائی کمشنر نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر کی سخت مذمت کی، جس میں جبری گمشدگیاں، کشمیری رہنماؤں کی غیرقانونی حراست، روابط کی بندش، اور نہتے شہریوں پر پیلٹ گنز کے استعمال جیسے مظالم شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت، گلگت بلتستان سی پیک کا دل ہے، صدر آصف علی زرداری
ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری برادری سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کریں۔
برطانوی پارلیمنٹیرینز نے اپنے پیغامات میں کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
اراکینِ پارلیمنٹ نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی دوطرفہ معاملہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔
انہوں نے حکومت برطانیہ اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر زور دیں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے اور مسئلہ جموں و کشمیر کے پُرامن حل کے لیے اقدامات اٹھائے جو بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ایک اور بڑی سفارتی کامیابی، او آئی سی نے مسئلہ کشمیر پر بڑا فیصلہ سنادیا


