پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقامی گاڑیوں کی فہرست سے ایک اور ماڈل خاموشی سے ختم کر دیا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
رپورٹس کے مطابق سوزوکی نے سوزوکی ایوری وی ایکس ماڈل کی تیاری بند کر دی ہے،یہ ماڈل گزشتہ سال سوزوکی بولان کے جانشین کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا جو کئی دہائیوں تک پاکستانی مارکیٹ میں مقبول رہا۔
ذرائع کے مطابق سوزوکی پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ سے ایوری وی ایکس کی قیمت اور تفصیلات ہٹا دی گئی ہیں اور اب صرف وی ایکس آر ورژن موجود ہے، حالیہ ہفتوں تک دونوں ماڈلز ویب سائٹ پر دستیاب تھے، تاہم اب بنیادی ماڈل کو ہٹا دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کمپنی نے خریداروں کو راغب کرنے کے لیے ایوری وی ایکس آر پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے کی رعایت کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: گاڑیوں کے شوقین صارفین کے لیے بری خبر، سوزوکی کا ایک اور مقبول ماڈل بند
اس آفر میں وی ایکس ماڈل کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا، جس سے یہ قیاس مزید مضبوط ہو گیا کہ کمپنی نے محدود طلب کی وجہ سے اس ماڈل کو بند کر دیا ہے۔ ابھی تک پاک سوزوکی نے وی ایکس ماڈل کی بندش یا اس کی وجوہات کے بارے میں کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
واضح رہے کہ سوزوکی ایوری کو اکتوبر 2024 میں پاکستان میں باضابطہ طور پر متعارف کرایا گیا تھا، یہ ماڈل بولان کی جگہ ایک جدید، آرام دہ اور محفوظ متبادل کے طور پر پیش کیا گیا تھا، جسے خاندانی اور تجارتی دونوں استعمال کے لیے موزوں قرار دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد 76 ہزار سے تجاوز کرگئی

