سری لنکن کرکٹ ٹیم کا راولپنڈی میں ٹریننگ سیشن، پی سی بی کا سیریز کے میچ آفیشلز کا بھی اعلان

سری لنکن کرکٹ ٹیم کا راولپنڈی میں ٹریننگ سیشن، پی سی بی کا سیریز کے میچ آفیشلز کا بھی اعلان

مہمان سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔ سری لنکن ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے کوچز کی نگرانی میں فیلڈنگ اور نیٹ پریکٹس کی۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور کیچنگ کی خصوصی مشقیں کرتے ہوئے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 11 نومبر بروز منگل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے آغاز سے ایک روز قبل دونوں ٹیموں کے کپتان پری سیریز پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کریں گے، جہاں وہ اپنی ٹیموں کی تیاریوں اور حکمتِ عملی سے متعلق تفصیلات پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیساتھ آئندہ دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلیں گے، نائب صدر بی سی سی آئی

سیریز کے بعد پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 ٹرائنگولر سیریز 17 سے 29 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز آنے والے بین الاقوامی ایونٹس کے لیے کھلاڑیوں کی فارم جانچنے کا ایک اہم موقع تصور کی جا رہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور تین ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ نوجوان بیٹر حسن نواز کو دونوں فارمیٹس سے ریلیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ون ڈے اسکواڈ میں ان کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔ تجربہ کار اوپنر فخر زمان کو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے تاکہ ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو مضبوط بنایا جا سکے۔

پی سی بی نے 11 سے 15 نومبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق علی نقوی تینوں میچوں میں میچ ریفری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔ پہلے ون ڈے میں الیگزینڈر وارف اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے، شرف اللہ سائیکٹ تھرڈ امپائر جبکہ راشد ریاض چوتھے امپائر ہوں گے۔

مزید پڑھیں:افغانستان کرکٹ بورڈ بھی بھارتی ڈگر پر چل نکلا،  پاکستان میں شیڈول سہ ملکی سیریز سے متعلق بڑا اعلان

دوسرے ون ڈے میں فیصل آفریدی اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جب کہ الیگزینڈر وارف تھرڈ امپائر اور شرف اللہ سائیکٹ چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ تیسرے اور آخری ون ڈے میں الیگزینڈر وارف اور راشد ریاض بطور آن فیلڈ امپائر کام کریں گے، شرف اللہ سائیکٹ تھرڈ امپائر اور فیصل آفریدی چوتھے امپائر ہوں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے منتظر ہیں۔ سری لنکن ٹیم کی ٹریننگ میں جوش و جذبہ اس بات کا عکاس ہے کہ مہمان کھلاڑی پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

Related Articles