افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کی جانب سے نومبر میں پاکستان میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دستبرداری کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد کی جائے گی، اور متبادل ٹیم کی تلاش جاری ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سرکاری بیان میں تصدیق کی کہ وہ نومبر میں پاکستان میں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت نہیں کرے گا۔ اے سی بی نے دستبرداری کی کوئی تفصیلی وجہ بیان نہیں کی، تاہم ذرائع کے مطابق داخلی کرکٹ مصروفیات اور دیگر ترجیحات اس فیصلے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔
افغانستان کے انخلا کے بعد پی سی بی نے فوری ردعمل میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیریز منسوخ نہیں کی جائے گی۔ پی سی بی کے ترجمان کے مطابق،’ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز 17 سے 29 نومبر تک شیڈول ہے اور اس میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ افغانستان کی جگہ تیسری ٹیم کے لیے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے اور اس حوالے سے فیصلہ جلد کر لیا جائے گا‘۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی بنگلہ دیش، آئرلینڈ، زمبابوے اور متحدہ عرب امارات سمیت چند دیگر ممالک سے رابطے میں ہے تاکہ افغانستان کی جگہ کوئی موزوں ٹیم سیریز میں شامل کی جا سکے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کے تمام تر انتظامات جاری ہیں اور کسی بھی قسم کی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی جا رہی ہے۔
کرکٹ شائقین اب اس بات کے منتظر ہیں کہ پی سی بی تیسری ٹیم کے طور پر کس ملک کو شامل کرتا ہے۔ یہ سہ ملکی سیریز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم تصور کی جا رہی ہے، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کا موقع ملے گا۔ مزید تفصیلات اور نئی ٹیم کے اعلان کے لیے پی سی بی کی جانب سے آئندہ چند روز میں باضابطہ اعلان متوقع ہے۔