پاکستان، ازبکستان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر متفق، براۂ راست پروازوں کے آغاز پر بھی اتفاق

پاکستان، ازبکستان دوطرفہ تعاون بڑھانے پر متفق، براۂ راست پروازوں کے آغاز پر بھی اتفاق

پاکستان اور ازبکستان نے فارماسیوٹیکل، ایوی ایشن، بینکنگ اور مائننگ سمیت متعدد اہم شعبوں میں تعاون تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک وزیرِاعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت دوطرفہ تجارت میں اضافہ اور علاقائی روابط مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان یہ اتفاق تعاون کے 8 ویں جائزہ اجلاس میں ہوا، جس کی صدارت وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ازبکستان کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط، علاقائی استحکام کے لیے قیام امن ضروری ہے، شہبازشریف

گزشتہ روز اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ازبکستان کے سفیر علیشر تختایف، وفاقی و صوبائی حکام، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے نمائندگان، کاروباری شخصیات اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجلاس کے آغاز میں دونوں ممالک نے تاریخی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان سالانہ 2 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کوششیں تیز کر رہا ہے اور وزیرِاعظم نے ہدایت کی ہے کہ ازبکستان کے ساتھ تمام فریم ورک فوری اور جامع انداز میں آگے بڑھائے جائیں۔

ازبک سفیر علیشر تختایف نے کہا کہ ان کا ملک علاقائی انضمام کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے، اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان مربوط روابط کو ازبکستان کی معاشی پالیسی کا ’بنیادی ستون‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت دونوں ممالک کے لیے ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

فارماسیوٹیکل تعاون اہم موضوع کے طور پر ابھرا

اجلاس میں فارماسیوٹیکل تعاون خاص مرکزِ توجہ رہا۔ ازبکستان نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی دواسازی کی پیداواری صلاحیت کو سراہا اور ’ازبک فارما پارک‘ ماڈل کے تحت تکنیکی تعاون کی پیشکش کی۔

مزید پڑھیں:آذربائیجان میں سی آئی ایس گیمز 2025، پاکستان کے محمد عبد الرحمٰن نے ریسلنگ میں برانز میڈل جیت لیا

تاہم، صنعت کے نمائندوں نے ازبکستان میں پاکستانی ادویات کی سست رفتار رجسٹریشن پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اس پر ہارون اختر خان نے اعلان کیا کہ ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں ڈریپ ، پاکستان فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن اور ازبک ریگولیٹری ادارے شامل ہوں گے، تاکہ رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جا سکے اور رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔

ایوی ایشن کنیکٹیویٹی، کراچی سے براہِ راست پروازوں کی تجویز

ایوی ایشن تعاون بھی اجلاس کے اہم نکات میں شامل تھا۔ ازبک سفیر نے کراچی اور ازبکستان کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کی تجویز پیش کی، تاکہ کاروبار اور سیاحت کو فروغ مل سکے۔

ہارون اختر خان نے اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ براہِ راست فضائی روابط نئی تجارتی راہیں کھول سکتے ہیں اور ازبکستان کو ’خلیجی ممالک اور یورپ کے درمیان ایک نئے گیٹ وے‘ کے طور پر ابھار سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم نے متعلقہ وزارتوں اور ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ براہِ راست پروازوں کے آغاز کے عمل کو تیز کریں اور انہیں باقاعدگی سے جاری رکھا جائے۔

بینکاری تعاون، این بی پی کی ازبکستان میں شاخ کھولنے کی تیاری

مالیاتی شعبے میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بینکاری تعاون کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ تجارت کے بہاؤ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ ازبک نمائندگان نے سرحد پار ادائیگیوں کے حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔

یہ بھی پڑھیں:ایس سی او اجلاس، پاکستانی وفد توجہ کا مرکز، چینی صدر کا گرمجوشی اور مسکراہٹوں کے ساتھ استقبال

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ معاملات حل کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہارؤن اختر خان نے اعلان کیا کہ نیشنل بینک آف پاکستان جلد ازبکستان میں اپنی شاخ کھولے گا، تاکہ کاروبار کے لیے مالی معاملات اور ادائیگیاں بہتر انداز میں انجام دی جا سکیں۔

Related Articles