سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البغامی نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع کے شعبے میں تعاون کو نئی وسعت دینے سے متعلق امور زیرِ بحث آئے، فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی روابط اور باہمی اشتراک دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اشتراکِ عمل مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تسلسل اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔