بلوچستان، کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کی خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ساتھیوں کے ہمراہ ناکہ بندی کرکے ٹک ٹاک بنانے کی کوشش ناکام ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک ہلاک
Home - آزاد انتخاب - بلوچستان، کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کی خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ساتھیوں کے ہمراہ ناکہ بندی کرکے ٹک ٹاک بنانے کی کوشش ناکام ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک ہلاک
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کالعدم بی ایل اے سے منسلک مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی کرکے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے دوران ایک مسلح شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر افراد فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق 28 اکتوبر کو بلیدہ کے علاقے میناز میں ایف اے ایچ سے وابستہ مسلح افراد دو خواتین کے ہمراہ پہنچے، جنہوں نے عسکریت پسندوں جیسا لباس پہن رکھا تھا۔ مسلح افراد نے علاقے میں ناکہ بندی قائم کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ گروہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے ناکہ بندی کا منظر پیش کرنا چاہتا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت نقل و حرکت کے باعث ان کی کوشش ناکام ہوگئی۔
مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متعلقہ مقام کی جانب روانہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی آمد پر مسلح افراد ناکہ بندی کی کوشش ترک کرکے گشکور کے علاقے کی جانب فرار ہوگئے، جس پر فورسز نے ان کا تعاقب شروع کردیا۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے تعاقب کے دوران ایف اے ایچ سے وابستہ ایک مسلح شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں فرار ہونے والے افراد کی تلاش اور ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔