انگور اڈہ میں شہری آبادی پر افغان طالبان کی گولہ باری کے خلاف جنوبی وزیرستان کے عوام میں شدید غم و غصہ، پاک فوج کی جوابی کارروائی کی بھرپور حمایت

انگور اڈہ میں  شہری آبادی پر افغان طالبان کی گولہ باری  کے خلاف جنوبی وزیرستان کے عوام میں شدید غم و غصہ،   پاک فوج کی جوابی کارروائی کی بھرپور حمایت

جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان سرحدی پوسٹوں سے مبینہ گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے، جبکہ بازار اور رہائشی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے خلاف مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شہریوں نے پاک فوج کی جوابی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق افغان سرحدی پوسٹوں سے شہری آبادی اور بازاروں کی جانب مارٹر گولے داغے گئے اور سنائپر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا۔

علاقہ مکینوں نے شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغان عوام کے ساتھ بھائی چارے اور پرامن تعلقات کے خواہاں تھے، تاہم سرحد پار سے رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز پر گولہ باری ناقابل قبول ہے۔

مقامی شہری سید محمد نے بتایا کہ واقعے کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا مالی نقصان ہوا جبکہ ان کے بقول 100 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ گولہ باری سے مقامی آبادی کو بھی شدید نقصان پہنچا اور رحمان اللہ نامی شہری زخمی ہوا۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر کے مطابق آگ لگنے کے واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ کے تعاون سے آگ پر مکمل قابو پالیا گیا ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔

سرحدی فائرنگ کے واقعے پر مقامی شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں اور بازاروں میں گولہ باری سے نہ صرف انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوئے بلکہ مقامی تاجروں اور شہریوں کو بھی بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

مقامی افراد نے پاک فوج کی جوابی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سرحدی علاقوں میں شہری آبادی کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے افغان سرحدی پوسٹوں اور مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدی علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

Related Articles