امریکی کمیشن رپورٹ پر بھارت کا پروپیگنڈا بے نقاب، پاکستانی مؤقف کو تقویت مل گئی

امریکی کمیشن رپورٹ پر بھارت کا پروپیگنڈا بے نقاب، پاکستانی مؤقف کو تقویت مل گئی

امریکی کانگریس میں پیش کی گئی امریکا چین اکنامک اینڈ سیکیورٹی ریویو کمیشن کی حالیہ رپورٹ کے حوالے سے پاکستان اور بھارت کے بیانیے ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

رپورٹ کے مندرجات کے حوالے سے پاکستانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس میں ’معرکہ حق‘ کے نام سے بیان کی جانے والی مئی کی جھڑپوں میں پاکستان کی برتری کو تسلیم کیا گیا ہے، جبکہ بھارت اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے غلط تشریح قرار دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:زلمے خلیل زاد کی ٹویٹ بے بنیاد، اوکاڑا، اختر اباد میں قتل کا کوئی واقعہ پیش نہیں ایا  بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

پاکستانی حکومتی اور عسکری حلقوں کے مطابق بھارت کی جانب سے ’گودی میڈیا‘ کے ذریعے امریکی کمیشن رپورٹ کو توڑ موڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم رپورٹ کے اقتباسات کی بنیاد پر پاکستان کا مؤقف ہے کہ اس میں 7 سے 10 مئی تک جاری رہنے والی چار روزہ کشیدگی میں پاکستانی عسکری حکمت عملی کو برتر قرار دیا گیا ہے۔

پاکستانی مؤقف کے مطابق اسی تناظر میں بھارت نے اپنی ’ہتک آمیز شکست‘ کو چھپانے کیلئے پاکستان پر چینی ٹیکنالوجی کے مبینہ استعمال کا پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔

پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی کمیشن رپورٹ میں بھارتی نقصان اور رافیل طیاروں سے متعلق متضاد بھارتی بیانیے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کا دعویٰ ہے کہ رپورٹ نے بھارتی بیانات میں پائی جانے والی تضادات کو بے نقاب کیا ہے۔ پاکستانی حلقوں نے عالمی میڈیا، خصوصاً بین الاقوامی جریدے ’ٹی آر ٹی‘ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کمیشن نے جھڑپ کے دوران بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کیا ہے۔

کچھ پاکستانی ذرائع یہ دعویٰ بھی کرتے رہے ہیں کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ نے ماضی میں متعدد مواقع پر پاکستان کی کامیابی اور بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ ’معرکہ حق‘ میں اس کی عسکری حکمت عملی اور ہتھیاروں کے مؤثر استعمال نے اہم کردار ادا کیا۔ حکومتی مؤقف کے مطابق بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا نہ صرف رپورٹ کے بعد کمزور پڑ گیا بلکہ عالمی سطح پر اسے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

مزید پڑھیں:سابق پاکستانی فوجی سربراہ جنرل اشفاق کیانی سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

دوسری جانب بھارت آزاد ذرائع اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ایسے کسی اعتراف کی تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر پاکستانی بیانات کو بے بنیاد قرار دیتا ہے۔ بھارتی مؤقف ہے کہ پاکستان خطے میں بیانیہ جنگ کے ذریعے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکی کمیشن کی رپورٹ اور اس کی تشریحات پر پاکستان اور بھارت کے متضاد دعوے خطے میں معلوماتی کشیدگی کو ایک نئی جہت دے رہے ہیں، جبکہ آزاد ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صورتحال کے درست اور غیر جانبدار تجزیے کیلئے سرکاری بیانات سے ہٹ کر معتبر شواہد کا انتظار ناگزیر ہے۔

Related Articles