دبئی ائیرشو: دوست ملک کیساتھ جے ایف17 تھنڈر کی خریداری کے معاہدے پر دستخط

دبئی ائیرشو: دوست ملک کیساتھ جے ایف17 تھنڈر کی خریداری کے معاہدے پر دستخط

دبئی ائیر شو 2025 میں جے ایف17 تھنڈر بلاک تھری طیارہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا اور ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف17 تھنڈر کی خریداری سے متعلق ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کا دستہ دبئی ائیر شو 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔

ائیر شو کے دوران جے ایف17 تھنڈر بلاک تھری طیارہ خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں کارکردگی نے جے ایف17 تھنڈر کو ایک قابل اعتماد لڑاکا طیارے کے طور پر نمایاں کیا اور مختلف ممالک نے اس میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف17 تھنڈر کی خریداری سے متعلق ایم او یو پر بھی دستخط ہوئے، جو پاکستان کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور صنعتی تعاون میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ معاہدہ طیارے کی عالمی مقبولیت اور بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ مزید برآں، دبئی ائیر شو میں معروف سپر مشاق ٹرینر طیاروں نے بھی شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ایئر شو ،بھارتی جنگی طیارے کا آئل لیک،ویڈیو وائرل،سوشل میڈیا پر مذاق بن گیا

دوسری جانب دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دوست ممالک کے فضائی سربراہان سے سلسلہ وار اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں متحدہ عرب امارات کے انڈر سیکرٹری برائے دفاع لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلاوی اور کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس میجر جنرل راشد محمد الشمسی شامل تھے۔

ان ملاقاتوں کا محور اعلیٰ تربیت کے شعبوں میں تعاون کا فروغ، ابھرتی ہوئی ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور آپریشنل ہم آہنگی کے نظام کو مزید موثر بنانا رہا۔ اماراتی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کی جدت طرازی، بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں اور مقامی ترقی کو سراہتے ہوئے مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں اور مستقبل کی بین العسکری شراکت داریوں کو مزید استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان ایئر فورس کا دستہ دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہے۔ یہ شرکت پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، عالمی فضائی برادری کے ساتھ مضبوط روابط اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کی نمایاں ترجمانی کرتی ہے۔

Related Articles