10 سال بعد انسٹاگرام کی برانڈنگ میں تبدیلی، نیاانداز وائرل

10 سال بعد انسٹاگرام کی برانڈنگ میں تبدیلی، نیاانداز وائرل

میٹا کی ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے تقریباً 10 سال بعد اپنی برانڈنگ میں معمولی تبدیلی کی ہے، تاہم کمپنی نے ایپ کے مشہور لوگو کو تبدیل نہیں کیا۔

انسٹاگرام کا معروف گلابی، نارنجی اور جامنی رنگوں پر مشتمل کیمرا آئیکن پہلے کی طرح برقرار ہے۔ تبدیلی صرف اس انداز میں کی گئی ہے جس میں لوگو کے ساتھ انسٹا گرام کا نام لکھا جاتا ہے۔

نئے ڈیزائن میں فونٹ کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ نرم اور ہاتھ سے لکھے ہوئے انداز کے قریب رکھا گیا ہے۔ خاص طور پر جی ،ایس اور آر جیسے حروف میں تبدیلی نمایاں نظر آتی ہے۔ نئے فونٹ نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ بھی حاصل کرلی ہے۔ بعض صارفین نے مذاقاً کہا کہ نیا انداز انسٹاگرام کے بجائے انسٹاگزمجیسا دکھائی دیتا ہے، جبکہ کئی صارفین نے اس تبدیلی پر میمز بھی بنانا شروع کردی ہیں۔

انسٹاگرام نے نام کی تحریر کیوں بدلی؟

انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے پلیٹ فارم پر نئی برانڈنگ متعارف کراتے ہوئے بتایا کہ کمپنی گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے پرانا ورڈ مارک استعمال کر رہی تھی، اس لیے اسے تازہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیس بک کا کریئیٹرز کے لیے بڑا اعلان،نیا اے آئی فیچر سامنے آگیا

ایڈم موسیری کے مطابق نئے ڈیزائن میں انسٹاگرام کی پرانی بصری شناخت کے عناصر کو برقرار رکھا گیا ہے، تاہم فونٹ کو زیادہ سادہ، صاف اور موجودہ برانڈ کے مطابق بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے نئے ورڈ مارک کو تھریڈز پر بھی شیئر کیا اور صارفین سے اس حوالے سے اپنی رائے دینے کو کہا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام نے اس تبدیلی کے دوران اپنا سب سے نمایاں عنصر یعنی رنگ برنگا کیمرا آئیکن تبدیل نہیں کیا۔ اس لیے صارفین کو نئی تبدیلی بنیادی طور پر اس وقت نظر آئے گی جب ایپ کے آئیکن کے ساتھ مکمل انسٹا گرام نام دکھایا جائے گا۔ اگرچہ یہ تبدیلی بظاہر معمولی ہے، لیکن تقریباً 10 سال بعد فونٹ میں آنے والی اس تبدیلی نے سوشل میڈیا پر خاصی بحث ضرور چھیڑ دی ہے۔

editor

Related Articles