امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز کو ذہنی صحت کے شعبے سے وابستہ اسٹارٹ اپ ونڈر مائنڈ گلوبل سے متعلق مقدمے کا سامنا ہے، جس میں سرمایہ کاروں نے کمپنی کی تعمیر اور تشہیر سے متعلق ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 سرمایہ کاروں نے 2022 میں ونڈر مائنڈ گلوبل میں تقریباً 12 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔ یہ کمپنی 2021 میں قائم کی گئی تھی اور اس کا مقصد صارفین کو ذہنی صحت بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
مقدمے کے مطابق سیلینا گومز کمپنی کی شریک بانی ہونے کے ساتھ ساتھ چیف امپیکٹ آفیسر اور مارکیٹنگ کی سربراہ بھی تھیں۔ سرمایہ کاروں کا مؤقف ہے کہ انہیں کمپنی کی قدر میں اضافے، ممکنہ کاروباری شراکت داریوں، اشتہاری معاہدوں اور نئی موبائل ایپ سے متعلق بڑے دعوے اور توقعات دلائی گئی تھیں، تاہم یہ منصوبے ان کی توقعات کے مطابق عملی شکل اختیار نہ کرسکے۔
مقدمے میں سیلینا گومز کی والدہ اور کمپنی کی سابق کاروباری ساتھی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔ سیلینا کی والدہ نے سرمایہ کاروں کی رقم ذاتی اخراجات کے لیے استعمال کرنے کے الزام کی تردید کی ہے۔ تاہم عدالت میں دائر مقدمے میں عائد کیے گئے الزامات ابھی ثابت نہیں ہوئے، اور قانونی کارروائی جاری ہے۔