وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ڈی8 ممالک ایک ایسے متفقہ بیانیے پر کام کر رہے ہیں جس کا مقصد عالمی سطح پر اسلاموفوبیا سے متعلق جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کا سدباب کرنا ہے۔ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے درست اور ذمہ دارانہ ابلاغ نہایت ضروری ہے، ڈی8 فورم اس سمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی حالیہ رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ رپورٹ حکومتِ پاکستان نے خود جاری کی تھی، مگر میڈیا کے بعض حلقے اس کے صرف ایک حصے کو بنیاد بنا کر غیر ضروری شور پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘اگر مکمل رپورٹ کا جائزہ لیا جائے تو صورتحال بالکل مختلف اور متوازن نظر آتی ہے’۔ وزیر اطلاعات کے مطابق ایف بی آر میں اب نہ کوئی سفارش چل سکتی ہے اور نہ کسی مافیا کو سرگرم رہنے کی اجازت ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی بانی پی ٹی آئی سے عدم ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی ’مجرم کو پروٹوکول نہیں دیا جا سکتا‘۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے حوالے سے تمام کارروائی جیل مینول کے تحت کی جا رہی ہے اور اس میں کسی قسم کی غیر قانونی رعایت نہیں دی جا سکتی۔
عطا تارڑ نے ڈیجیٹل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ڈیجیٹل پلیٹ فارمز جدید دنیا کا تیز ترین ذریعہ ابلاغ بن چکے ہیں، اسی لیے حکومت بروقت اور مؤثر ابلاغ کے لیے قومی نشریاتی اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے’۔ انہوں نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ جنریشن زی کو میڈیا لٹریسی اور درست معلومات تک رسائی کی تربیت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ وہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے بچ سکیں۔
اس موقع پر آذربائیجان کے صدر کے معاون خصوصی حکمت حاجیوف نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین تعلقات اور تعاون جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے اعلیٰ کوالٹی کا چاول آذربائیجان برآمد کیا جا رہا ہے اور اس کی کسٹم ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
پاکستان، ڈی8 ممالک، اور خطے کے اہم اتحادیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور تجارتی روابط خطے میں باہمی اعتماد اور تعاون کو فروغ دینے کا باعث بن رہے ہیں۔