وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کردی

وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کردی

وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر رواں سال عائد کی گئی پابندی ختم کرتے ہوئے اس حوالے سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

حکومتی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے باضابطہ طور پر آرڈر جاری کیا ہے، جس کے ذریعے سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ تجارت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سونے اور دیگر قیمتی دھاتوں و زیورات کی درآمد و برآمد کا موجودہ فریم ورک برقرار رکھا جائے گا، تاہم اس فریم ورک میں شفافیت بڑھانے اور خودکار نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کچھ ترامیم متعارف کرائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : تاریخی کمی کے بعد سونے کی قیمتوں نے پھر اُڑان بھرلی

حکومت کا کہنا ہے کہ نئی تبدیلیوں کا مقصد اس شعبے میں غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنا، قانونی تجارت کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال 6 مئی 2025ء کو وزارتِ تجارت نے سونے کی تجارت کو منظم کرنے والے ایس آر او کو 60 روز کے لیے معطل کر دیا تھا، اس فیصلے کے تحت سونے کی ایکسپورٹ اور امپورٹ پر مکمل پابندی لگا دی گئی تھی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس وقت سونے کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیشِ نظر پابندی عائد کی گئی تھی، تاکہ غیر قانونی تجارت کو روکا جا سکے اور مارکیٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پابندی کے دوران سخت نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے باعث سونے کی اسمگلنگ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

 حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران سونے سے متعلق کسی قسم کی اسمگلنگ یا غیر قانونی تجارت کی کوئی قابلِ ذکر شکایت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد وزارتِ تجارت نے پابندی ختم کرنے کی سفارش کی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ سونے کی قانونی تجارت کو بحال کرنا ملکی معیشت، جیولری انڈسٹری، اور برآمدی شعبے کے لیے مثبت اقدام ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سونے اور چاندی کی قیمتیں سابقہ سطح پر برقرار

 حکام کے مطابق نئے ضابطے نہ صرف تجارت کو آسان بنائیں گے بلکہ عالمی مارکیٹ کے ساتھ روابط مضبوط کرنے میں بھی مدد دیں گے۔

editor

Related Articles