خواتین کی تعلیم کے بعد بینائی بحال کرنے کے علاج پر بھی پابندی، طالبان کا ڈاکٹروں کو قرنیے کی پیوندکاری کے آپریشنز روکنے کا حکم

خواتین کی تعلیم کے بعد بینائی بحال کرنے کے علاج پر بھی پابندی، طالبان کا ڈاکٹروں کو قرنیے کی پیوندکاری کے آپریشنز روکنے کا حکم

افغانستان میں انسانی حقوق کی پامالی کا سلسلہ جاری ہے، طالبان حکومت نے خواتین کی تعلیم پر پابندی کے بعد قرنیے کی پیوندکاری پر بھی پابندی عائد کردی ہے، جس کے باعث سیکڑوں افراد بینائی بحال کرانے کے علاج سے محروم ہوسکتے ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق طالبان حکام نے قرنیے کی پیوندکاری کو اسلامی تعلیمات کے خلاف قرار دیتے ہوئے ڈاکٹروں کو اس سے متعلق تمام آپریشنز فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔

افغان ڈاکٹر نور زمان ہاشم نے بتایا کہ طالبان حکومت کی جانب سے عائد پابندی کے نتیجے میں سیکڑوں ایسے مریض متاثر ہوسکتے ہیں جن کی بینائی قرنیے کی پیوندکاری کے ذریعے بحال ہونے کی امید تھی۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کی پالیسیوں سے تنگ حلقوں کی مسلح مزاحمت میں تیزی آ گئی، افغانستان کے کئی صوبوں میں حملے تیز، متعدد طالبان مارے گئے

ڈاکٹر نور زمان ہاشم کے مطابق پابندی عائد ہونے سے قبل کابل کے ایک ہسپتال میں قرنیے کی پیوندکاری کے 90 کامیاب آپریشنز کیے جاچکے تھے، تاہم اب طالبان حکام نے زبانی طور پر ڈاکٹروں کو مزید آپریشنز روکنے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب ایک امریکی فلاحی تنظیم نے طالبان حکومت سے قرنیے کی پیوندکاری پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلاحی تنظیم کے مطابق قرنیے کی پیوندکاری پر پابندی کے باعث اس کا فلاحی پروگرام بھی متاثر ہوا ہے۔

Related Articles