خیبرپختونخوا میں ترقی کا نیا دور، تجاوزات کے خاتمے کے بعد سڑکوں اور بازاروں کی تعمیرنو کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ترقی کا نیا دور، تجاوزات کے خاتمے کے بعد سڑکوں اور بازاروں کی تعمیرنو کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، سرکاری زمینوں اور گرین بیلٹس سے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے ساتھ سڑکوں، بازاروں اور شہری انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کسی سیاسی دباؤ، انتقام یا پسند و ناپسند کے بغیر جاری ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق پشاور میں ٹریفک جام شہریوں کے لیے سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہنا پڑتا ہے، جبکہ مریض ہسپتالوں اور طلبہ امتحانی مراکز تک بروقت نہیں پہنچ پاتے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد سڑکوں، بازاروں اور چوراہوں کو نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جاسکے۔ سڑکوں کی بحالی کے بعد عوام کی سہولت کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے مختلف ذرائع بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بدلتا سنورتا خیبر پختونخوا ! گورنر راج کے بعد اضلاع میں صحت کا نظام بدلنے لگا، لکی مروت میں عملی اقدامات کا آغاز

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ پشاور میں نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے سیوریج اور صاف پانی کی لائنوں کو الگ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پرامن ہیں اور انہیں بھی ترقی اور بہتر سہولتوں کے مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ کل ایک اہم اجلاس طے ہے، جس میں صوبے کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق ان کی کوشش ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ پیکیج کے تحت ترقیاتی کام عملی طور پر زمین پر نظر آئیں اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کی بحالی اور عوامی سہولتوں سے متعلق منصوبوں کو 100 دن کے اندر مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور شہریوں کو جلد تبدیلی نظر آئے گی۔

Related Articles