خیبرپختونخوا پولیس کا جدید ٹیکنالوجی کی جانب بڑا قدم، مشکوک ڈرونز کی نگرانی کے لیے اینٹی ڈرون سسٹم متعارف

خیبرپختونخوا پولیس کا جدید ٹیکنالوجی کی جانب بڑا قدم، مشکوک ڈرونز کی نگرانی کے لیے اینٹی ڈرون سسٹم متعارف

خیبرپختونخوا پولیس نے سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون سسٹم کو سیف سٹی منصوبے کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کردیا، جس کے بعد شہروں کی زمینی نگرانی کے ساتھ فضائی نگرانی بھی ممکن ہوگئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس کے تحت ڈرون سرویلنس اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرونز کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے گی، جبکہ کوئی بھی مشکوک ڈرون ریڈار کی حدود میں داخل ہونے کی صورت میں مرکزی کنٹرول روم کو فوری الرٹ موصول ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس شہدا کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ،گورنر کاخیبرپختونخوا میں امن کے لیے وسائل بڑھانے کا اعلان

پولیس حکام کے مطابق پشاور میں نصب اینٹی ڈرون سسٹم پانچ کلومیٹر کے دائرے میں فضائی نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس نظام کی مدد سے حساس مقامات، ٹریفک کی صورتحال، جرائم پیشہ سرگرمیوں اور مشکوک نقل و حرکت کی چوبیس گھنٹے نگرانی ممکن ہوگی۔

حکام نے مزید بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں بھی ڈرون نگرانی کے نظام کو فعال کیا جائے گا، جس سے ان اضلاع میں سکیورٹی اور نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق اس جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا بنیادی مقصد سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنانا، نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی یقینی بنانا ہے۔

Related Articles