سینٹرل کرم کے چنارک پولیس چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کو پولیس نے ناکام بنا دیا ڈی پی او کرم کے مطابق جوابی کارروائی میں چار دہشتگرد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے چنارک تھانے کی چیک پوسٹ کو بھی نذر آتش کرنے کی کوشش کی، اور علاقے میں فتنہ الخوارج کے ارکان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
ڈی پی او کرم نے بتایا کہ پولیس کی اضافی نفری فوری طور پر علاقے میں روانہ کی گئی اور تین گھنٹے تک دہشتگردوں سے مقابلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا۔
انہوں نے شہید ہونے والے دو اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ڈی پی او کے مطابق پولیس کی فوری اور موثر کارروائی نے علاقے میں مزید خطرے کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پولیس اہلکاروں کی بہادری اور حکمت عملی نے نہ صرف حملے کو ناکام بنایا بلکہ دہشتگردوں کو بھاری نقصان بھی پہنچایا۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کے تعاون اور رہنمائی میں رہیں تاکہ علاقے میں امن و امان برقرار رہے۔