لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج کی آڑ میں لاہور میں 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
فیصل کامران کے مطابق پولیس نے ایک شخص امین کو گرفتار کیا ہے، جس کے موبائل فون سے ایک آڈیو برآمد ہوئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ آڈیو میں ایک خاتون، جس کی شناخت فاطمہ کے نام سے بتائی گئی، 20 سے 30 غنڈوں کو طلب کرنے کی بات کر رہی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سامنے آنے والی آڈیو میں پی ٹی آئی کی ایک خاتون 20 سے 30 غنڈوں کا مطالبہ کر رہی ہیں، ان کے مطابق یہ افراد عام کارکن نہیں بلکہ احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے لیے استعمال کیے جانے والے افراد ہیں۔
فیصل کامران نے کہا کہ احتجاج کے لیے باہر سے لوگوں کو لاہور لانے اور انہیں باقاعدہ تربیت دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کا دعویٰ کرنے والے دراصل کچھ اور منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور ایسے افراد کو لاہور لاکر 9 مئی جیسے واقعات دہرانا چاہتے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہےتاہم ان کے مطابق پی ٹی آئی کا احتجاج ماضی میں پرامن نہیں رہا،انہوں نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ ہر صورت قائم کرے گی اور لاہور میں 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی کےانتشا رمارچ کے باعث بند موٹرویزآج کھول دی جائیں گی
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر متعدد بیانات سامنے آ رہے ہیں جن میں احتجاج کو پرامن قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس کے سامنے آنے والی آڈیو ان دعوؤں سے مختلف صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے۔


