عوام کے لیے خوشخبری، چینی کی قیمتیں کم ہو گئیں

عوام کے لیے خوشخبری، چینی کی قیمتیں کم ہو گئیں

ملک بھر میں چینی کی قیمت کو ریورس گیئر لگ گیا ہے اور 10 روز کے دوران اس کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں چینی 210 روپے فی کلو سے کم ہو کر 186 روپے فی کلو تک آ گئی ہے، جب کہ 50 کلو کی بوری بھی 10,500 روپے سے کم ہو کر 9,300 روپے میں دستیاب ہے۔

مارکیٹ رپورٹس کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجہ ملک بھر میں گنے کی کرشنگ سیزن کا آغاز ہے، جس سے چینی کی فراہمی میں اضافہ ہوا اور طلب و رسد کے توازن نے قیمتوں میں واضح کمی پیدا کی۔ نئی پیداوار کی آمد سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوئی اور تاجروں کے مطابق آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا چینی کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے شکر درآمد کرنے کا فیصلہ

تاجروں نے کہا کہ ’دسمبر میں چینی مزید سستی ہو سکتی ہے کیونکہ گنے کی کٹائی اور کرشنگ پوری رفتار سے جاری ہے، جس سے پیداوار بڑھے گی اور مارکیٹ میں فراہمی مستحکم رہے گی‘۔ ان کے مطابق آنے والے ہفتوں میں ریٹیل سطح پر بھی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع ہے جس سے عام صارفین کو ریلیف ملے گا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت درآمدی پالیسیوں اور مقامی پیداوار کے نظام کو مؤثر طور پر منظم رکھے تو چینی کی قیمت مستقل بنیادوں پر مستحکم رہ سکتی ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں کمی نہ صرف گھریلو صارفین کے لیے خوش آئند ہے بلکہ بیکری، مشروبات اور کنفیکشنری جیسے کاروباری شعبے بھی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

مزید پڑھیں:کرم میں گھی، چینی ، پیٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

مارکیٹ ماہرین  نے مزید کہا کہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی سے عوام کی قوتِ خرید بہتر ہو گی اور روزمرہ ضروریات کی چیزوں کی خریداری نسبتاً آسان ہو جائے گی۔ رواں سال چینی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ نے شہریوں کو سخت متاثر کیا تھا، تاہم حالیہ کمی کو معاشی ماہرین مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

Related Articles