سری لنکا میں’سائیکلون ڈِٹوا‘ کی تباہ کاریاں، پاک فوج کی ٹیم امدادی سامان کے ساتھ کولمبو روانہ، آپریشنل کارروائیوں میں مزید تیزی

سری لنکا میں’سائیکلون ڈِٹوا‘ کی تباہ کاریاں، پاک فوج کی ٹیم امدادی سامان کے ساتھ کولمبو روانہ، آپریشنل کارروائیوں میں مزید تیزی

سری لنکا میں ’سائیکلون ڈِٹوا‘ کی تباہ کاریوں کے بعد ریسیکیو آپریشن کے لیے پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو متاثرہ علاقوں میں امداد کے لیے سری لنکا روانہ کر دیا گیا ہے۔ ٹیم کو پاک فضائیہ کے خصوصی سی-130 طیارے کے ذریعے کولمبو بھیجا گیا، جہاں اسے فوری طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں شامل کر لیا جائے گا۔

حکام کے مطابق پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں سری لنکا کی بھرپور مدد کے لیے امدادی سرگرمیوں میں اضافہ کر دیا ہے، پاک فوج کی روانہ ہونے والی خصوصی ٹیم کے پاس ریسکیو آپریشنز، شہری آبادی کی بازیابی، متاثرہ علاقوں میں فوری امداد اور فیلڈ میڈیکل سپورٹ جیسے اہم اہداف کی انجام دہی کے لیے جدید آلات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سری لنکا میں سیلاب نے تباہی مچادی ، 14 افراد ہلاك

 ٹیم کو سخت تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل قرار دیا گیا ہے، جو ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس سے قبل پاک بحریہ اور ایوی ایشن کے یونٹس پہلے ہی سری لنکا میں نگرانی، میڈیکل ایویکیویشن، ایئر سپورٹ اور ریسکیو آپریشنز میں سرگرم عمل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے یہ اقدامات دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور خطے میں انسانیت دوست کردار کا واضح اظہار ہیں۔

چیئرمین نیشنل ڈزآسٹر منیجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے )  لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے مطابق پاکستان نے سری لنکن عوام کی مدد کے لیے 200 ٹن امدادی سامان کنٹینر شپ کے ذریعے روانہ کیا، جس میں خوراک، ادویات، خیمے، واٹر پیوریفکیشن یونٹس، ایمرجنسی کٹس اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔

انہوں  نے بتایا کہ سری لنکن ائیر لائنز کی کولمبو سے لاہور پروازوں کے ذریعے مزید امدادی سامان بھی بھیجا جائے گا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:سری لنکا میں لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب سے 123 اموات، عالمی مدد کی اپیل کردی

چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سری لنکن صدر کی خصوصی درخواست پر پاکستان پاک فوج کا فولڈنگ بریج، انجینئرنگ آلات اور ایمرجنسی ریلیف ٹولز بھی فراہم کرے گا، تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آمدورفت بحال کی جا سکے۔

ہائی کمشنر سری لنکا فریڈ سینویراتھنے نے کہا کہ فوری امداد کی فراہمی پر پاکستانی عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں، پاکستان اور سری لنکا ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔  فریڈ سینویراتھنے کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں سری لنکا کے ساتھ پاکستان کا تعاون مضبوط دوستی کا مظہر ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے گزشتہ روز سری لنکن صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا، تھائی لینڈ اور ملائیشیا کی قیادت سے بھی رابطے کیے ہیں، جو اسی موسمی نظام سے متاثر ہوئے ہیں، اور پاکستان کی جانب سے یکجہتی اور مدد کی پیشکش کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق رکاوٹوں اور علاقائی موسمی صورتِ حال کے باوجود پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے، اور ضرورت پڑنے پر اضافی وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *