کرغیزستان کے صدر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ آج سے شروع، دوطرفہ تعاون میں نئی پیش رفت کی توقع

کرغیزستان کے صدر کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ آج سے شروع، دوطرفہ تعاون میں نئی پیش رفت کی توقع

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر کرغیز ریپبلک کے صدر سادر نورگوزوویچ ژاپاروف 03 تا 04 دسمبر 2025 پاکستان کے 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ یہ ان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا، جسے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط کی بحالی اور شراکت داری کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرغیز صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا، جس میں کابینہ کے سینیئر وزرا، اعلیٰ حکومتی شخصیات اور کرغیز کاروباری برادری کے نمایاں نمائندے شامل ہوں گے۔ جس سے دورے کی اقتصادی اور تجارتی اہمیت کو مزید اجاگر ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ کشیدگی کی بجائے ڈائیلاگ چاہتا ہے، شہباز شریف

دورے کے دوران صدر سادر نورگوزوویچ ژاپاروف صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی طے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما تجارت، توانائی، دفاعی تعاون، تعلیم، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت متعدد اہم شعبوں میں اشتراکِ عمل کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

کرغیز صدر سادر نورگوزوویچ ژاپاروف پاکستان-کرغیزستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، جہاں دونوں ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری انجمنوں کے درمیان باہمی سرمایہ کاری اور کاروباری اشتراک کے نئے مواقع پر بات چیت ہو گی۔ توقع ہے کہ مختلف اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق دونوں ممالک اس دورے میں علاقائی امن و استحکام، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے فریم ورک اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان تجارت و ٹرانزٹ کے نئے راستوں پر بھی گفتگو کریں گے۔ پاکستان کا ماننا ہے کہ کرغیزستان کے ساتھ تعاون خطے میں رابطہ کاری، تجارت اور توانائی کے منصوبوں کو مستحکم بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:ریجنل ڈیفنس کانفرنس کا کامیاب انعقاد، خطے میں پاکستان کا بطور نیٹ ریجنل سٹیبلائزر فعال کردار

واضح رہے کہ کرغیزستان کی جانب سے آخری صدارتی دورہ جنوری 2005 میں ہوا تھا، جس کے بعد یہ اعلیٰ سطح کا رابطہ ایک طویل وقفے کے بعد بحال ہو رہا ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی عکاسی کرتا ہے، جو خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ وژن سے جڑے ہوئے ہیں۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس اہم دورے سے پاکستان اور کرغیز ریپبلک کے تعلقات کو نئی توانائی ملے گی اور دوطرفہ و علاقائی سطح پر تعاون کے نئے باب کھلیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *