موسمیاتی ماہرین نے خوشخبری سنائی ہے کہ سردیوں کی بارشوں اور برفباری کی واپسی میں اب زیادہ دیر نہیں، دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں دوبارہ بارشوں کی واپسی کے امکانات موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زیادہ تر قابلِ اعتماد موسمیاتی ماڈلز یہ دکھا رہے ہیں کہ ایک کے بعد ایک مغربی ہوا کا سلسلہ پاکستان تک پہنچنے کا امکان ہے، جو دسمبر کے وسط کے بعد ملک میں نہایت ضروری بارشیں اور برفباری لے کر آئے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایاکہ موجودہ وقت میں زیادہ تر ماڈلز اس بات پر متفق ہیں کہ 18 تا 20 دسمبر 2025 کے دوران ایک اچھا اور ملک گیر مغربی سلسلہ پاکستان میں داخل ہو سکتا ہے، تاہم یہ ایک طویل المدت پیشگوئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اس موسمِ سرما کے آغاز سے ہی بیشتر اپڈیٹس میں بتایا گیا تھا کہ اس سال لا نینیا پیٹرن کی وجہ سے موسمِ سرما کی بارشیں معمول سے کم رہیں گی۔ تاہم دسمبر کے وسط تک یہ پیٹرن کمزور ہونا شروع ہوگا اور دسمبر کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں دوبارہ بارشوں کی واپسی کے امکانات موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کردی

