گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی ،فاروق ستار اور امین الحق نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اوورسیز بیانیے کی سخت مذمت کی اور اوورسیز والدین کو خبردار کیا کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔
ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ اب دفن ہو چکا ہے اور اب یہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ورغلا رہے ہیں ،انہوں نے واضح کیا کہ لوگ اس بیانیے سے دور رہیں کیونکہ یہ ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کو مئی کی جنگ کے بعد دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہے اور ایسے بیانیے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔خالد مقبول صدیقی اور امین الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی جو لب و لہجہ استعمال کر رہی ہے، وہ کسی نے پہلے نہیں کیا اور یہ رویہ غیر ذمہ دارانہ اور تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو شخصیت سے بالا تر ہو کر وطن کے لیے کھڑا ہونا چاہیے نہ کہ بیرون ملک جا کر ملک اور اداروں کے خلاف بیان بازی کرے۔
ایم کیو ایم رہنماؤں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں پی ٹی آئی کی جانب سے ملک اور اداروں کے خلاف جو باتیں کی گئی ہیں، وہ نہ صرف باعث تشویش ہیں بلکہ ان کو دہشتگردی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے بیانیوں میں نہ آئیں اور اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے ہوشمندی کا مظاہرہ کریں۔
پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ اور ایم کیو ایم رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سالمیت اور عوام کی بھلائی سب سے مقدم ہے اور اس کے لیے ہر شہری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔