امریکا : سابق سربراہ پاک فضائیہ نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ قریشی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

امریکا : سابق سربراہ پاک فضائیہ نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ قریشی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

سابق سربراہ پاک فضائیہ نور خان کی صاحبزادی اور معروف طبی ماہر پروفیسر ڈاکٹر فائقہ قریشی امریکا میں ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر ایک مقامی پیڈیا ٹریشن کار حادثے میں جاں بحق ہوئیں جن کی شناخت 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی کے نام سے ہوئی۔

ورجینیا پولیس کے مطابق ڈاکٹر فائقہ قریشی کی کار  روڈ سے ٹکرائی جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی اور کار میں سوار خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔

ڈاکٹر فائقہ قریشی پیڈیاٹرک ایمرجنسی میڈیسن کی ممتاز پروفیسر تھیں اور اپنے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت، ہمدردی اور تدریسی خدمات کے باعث نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔

اِن کی وفات پر طبی برادری اور پاکستانی کمیونٹی میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نوابشاہ: مہران ہائی وے پر دھند کے باعث گاڑیوں میں تصادم ، 3 افراد جاں بحق

امریکا کے چلڈرنز ہاسپٹل آف دی کنگز ڈاٹرز نے بھی ڈاکٹر فائقہ قریشی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک مخلص اور قابل پیڈیاٹرک فزیشن قرار دیا ہے۔

پاکستان میں کنگز ایڈورڈ میڈیکل یورنیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے اننقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ کنگز ایڈورڈ میڈیکل یورنیورسٹی لاہور کی ہونہار طالبہ تھیں اور وہ 1973 میں گریجویٹ ہوئی تھیں۔

ڈاکٹر فائقہ کے والد ایئر مارشل (ر) نور خان پاکستان کے نامور رہنما رہے جنہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ سمیت سول ایوی ایشن، اسپورٹس اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں،  23 جولائی 1965 سے 1969 تک نور خان پاکستان ائیر فورس کے کمانڈر انچیف رہے۔

سنہ 1985میں انھوں نے ایک غیر جانبدار امیدوار کے طور پر قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کی،  بعد ازاں وہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے اور 1988 کے عام انتخابات میں حصہ لیا، تاہم ناکام رہے۔ اس کے فوراً بعد انھوں نے سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لی، نور خان 15دسمبر 2011 کو وفات پا گئے تھے،  چکلالہ ایئربیس اب ان ہی کے نام پر ’نورخان ایئربیس‘ کہلاتی ہے۔

editor

Related Articles