کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ ، نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ ، نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق صوبے میں اسلحہ کی نمائش، گاڑیوں کے کالے شیشوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی بچاؤ ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہوگی، اسی طرح پبلک مقامات پر ہر نوعیت کے اجتماعات، جلسے، جلوس اور مظاہرے منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا کہ کسی ایک جگہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :پشاور میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ موٹر سائیکل ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم خواتین اور بچوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

صوبائی حکومت کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق 31 جنوری 2026 تک رہے گا، اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عوامی مقامات، حساس علاقوں اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں :3 دن کیلئے پنجاب بھر میں دفعہ 144نافذ کردی گئی

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ پابندیاں روزمرہ معمولات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، تاہم امن کے قیام کیلئے یہ اقدامات ضروری ہیں۔

editor

Related Articles