اُڑان پاکستان 2026 فیلوشپ: ماہانہ 90 ہزار روپے وظیفہ حاصل کریں

اُڑان پاکستان 2026 فیلوشپ: ماہانہ 90 ہزار روپے وظیفہ حاصل کریں

حکومت پاکستان کے تحت چلنے والے اُڑان پاکستان پروگرام نے اپنی فلیگ شپ ینگ ڈیولپمنٹ فیلوشپ (YDF) کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت نوجوان پیشہ ور افراد کو پبلک پالیسی اور قومی ترقی کے شعبے میں عملی تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ منتخب فیلوز کو ایک سال تک ماہانہ 90 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

ینگ ڈیولپمنٹ فیلوشپ پروگرام وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے تحت پلاننگ کمیشن کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ترقیاتی منصوبہ بندی، اصلاحات، پبلک پالیسی اور جدت کے شعبے میں منظم عملی تجربہ فراہم کرنا اور نئی قیادت کو تیار کرنا ہے۔

اس فیلوشپ کے تحت منتخب امیدوار سینئر پالیسی سازوں کے ساتھ کام کریں گے اور سرکاری و نجی اداروں میں قومی سطح پر پالیسی سازی کے عمل میں براہِ راست حصہ لیں گے۔ پروگرام میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کی عمر 21 سے 30 سال کے درمیان ہونی چاہیے اور اسے کسی مستند یونیورسٹی سے ماسٹرز یا 16 سالہ پیشہ ورانہ تعلیم حاصل ہونی ضروری ہے، جبکہ کم از کم GPA 3.2 ہونا لازمی شرط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آکسفورڈ یونیورسٹی میں اسکالرشپ حاصل کرنے کا سنہری موقع ، طلبا کیلئے خوشخبری

فیلوز کے لیے مختلف شعبوں کے مواقع دستیاب ہیں، جن میں ترقی و معیشت، فنانس و اکاؤنٹنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، پبلک پالیسی و گورننس، توانائی، تعلیم و صحت، پراجیکٹ مینجمنٹ، ڈیٹا اینالٹکس، اربن پلاننگ، آبی وسائل، انفراسٹرکچر و تعمیرات، برآمدات و تجارت اور دیگر ترقیاتی شعبے شامل ہیں۔

درخواست دینے کے لیے امیدوار پلاننگ کمیشن کی ویب سائٹ (www.pc.gov.pk/web/career
) پر موجود فارم کو پُر کر کے کوریئر کے ذریعے ارسال کریں۔ فارم کے ساتھ سی وی اور تعلیمی اسناد و دیگر دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول 13 جنوری 2026 تک جمع کرانی ہوں گی۔ نامکمل درخواستیں منظور نہیں کی جائیں گی اور صرف شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ انٹرویو میں ٹی اے/ڈی اے کی سہولت نہیں دی جائے گی۔

حکام نے ملک بھر کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس فیلوشپ میں حصہ لے کر پاکستان کی ترقی میں بامعنی کردار ادا کریں اور پیشہ ورانہ تجربہ حاصل کریں، کیونکہ یہ پروگرام نوجوانوں کے لیے پالیسی سازی اور قومی ترقی کے شعبے میں ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔

Related Articles