وزیراعظم شہباز شریف نے آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-2031 کے مسودے کی منظوری دے دی، جس کے تحت آئندہ پانچ سال کے دوران 6 ارب ڈالر کی برآمدات اور 17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد پاکستان کی آٹو انڈسٹری کو درآمدی پرزوں کی اسمبلنگ سے نکال کر مقامی مینوفیکچرنگ، جدید ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی مسابقتی صنعت میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی مقامی تیاری بڑھانے کے لیے لوکلائزیشن کی لازمی شرائط متعارف کرائی گئی ہیں۔ مقررہ مقامی ویلیو ایڈیشن کے اہداف پورے نہ کرنے والی کمپنیوں کی متعلقہ سی کے ڈی (CKD) درآمدات پر اگلے مالی سال میں کسٹمز ڈیوٹی میں مزید 3 فیصد پوائنٹس کا اضافہ کیا جائے گا، جو قانونی طریقہ کار سے مشروط ہوگا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 ہزار 200 آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ ادارے کام کر رہے ہیں، جنہیں عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے کے لیے 2.1 ارب روپے کی لاگت سے وینڈر اپ گریڈیشن اینڈ ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے مقامی صنعت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی، تکنیکی تربیت، بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور برآمدی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
نئی پالیسی میں کم از کم پانچ بڑے آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ اداروں میں سرمایہ کاری کا ہدف بھی رکھا گیا ہے، جبکہ مجموعی 6 ارب ڈالر کی مجوزہ برآمدات میں سے 3.29 ارب ڈالر آٹو پارٹس اور 2.72 ارب ڈالر گاڑیوں کی برآمدات سے حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔
برآمدات بڑھانے کے لیے اہل صنعت کاروں کو خالص برآمدی مالیت پر 5 فیصد معاونت اور مقررہ شرائط کے تحت اضافی برآمدات پر مزید 10 فیصد مراعات دینے کی تجویز بھی پالیسی کا حصہ ہے۔
مشیر صنعت و پیداوار کے مطابق نئی پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔ ابتدائی دو سال کے دوران 15 ہزار ڈالر تک مالیت کی درآمدی الیکٹرک گاڑیوں پر 5 فیصد رعایتی کسٹمز ڈیوٹی دی جائے گی، تاہم متعلقہ کمپنیوں کے لیے پاکستان میں مقامی پیداوار شروع کرنا لازمی ہوگا۔
ان کمپنیوں کو 30 ستمبر 2028 تک متعلقہ الیکٹرک گاڑیوں کی تجارتی بنیادوں پر پیداوار شروع کرنا ہوگی، بصورت دیگر جمع کرائی گئی بینک گارنٹی کیش کرانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ہارون اختر خان نے بتایا کہ پالیسی کے تحت 2031 تک تقریباً 17.7 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے، جبکہ نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال میں اضافے سے تقریباً 18 لاکھ 23 ہزار ٹن تیل کی درآمد بھی بچائی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مختلف صنعتوں کی 41 سے 80 فیصد تک پیداواری صلاحیت غیر استعمال شدہ ہے، جسے کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ کے ذریعے بروئے کار لا کر صنعتی پیداوار، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔
ہارون اختر خان کے مطابق نئی آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد درآمدات پر انحصار کم کرنا، مقامی صنعت کو مضبوط بنانا، عالمی آٹو موٹیو سپلائی چین میں پاکستان کی شمولیت بڑھانا اور آٹو سیکٹر کو ملکی معاشی ترقی اور برآمدات کا اہم ذریعہ بنانا ہے۔