پاکستان میں آبادی کا خطرناک دھماکہ، شرح 2.55 فیصد تک پہنچ گئی، معاشی ترقی اور قومی وسائل پر خطرے کے بادل

پاکستان میں آبادی کا خطرناک دھماکہ، شرح 2.55 فیصد تک پہنچ گئی، معاشی ترقی اور قومی وسائل پر خطرے کے بادل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک میں آبادی میں تیزی سے اضافے کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی بڑھنے کا خطرناک رجحان ہر صورت روکنا ہوگا، کیونکہ اس سے ملکی وسائل، معاشی ترقی اور آنے والی نسلوں کا مستقبل براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔

نیشنل پاپولیشن کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 1980 کے بعد ملک میں آبادی میں اضافے کی شرح کم ہو کر 2.4 فیصد تک آ گئی تھی، تاہم 2023 کی مردم شماری میں یہ شرح دوبارہ بڑھ کر 2.55 فیصد تک پہنچ گئی، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آبادی کے اعداد و شمار محض نمبر نہیں بلکہ قومی وسائل اور مستقبل کی ترقی سے جڑے ہوئے ہیں۔ آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے آبادی میں اضافے کے معاشی اثرات واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملکی معیشت 5 فیصد کی شرح سے ترقی کرے اور آبادی میں اضافے کی رفتار 2.5 فیصد ہو تو حقیقی ترقی محض ڈھائی فیصد رہ جاتی ہے۔ ایسی صورتحال میں بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنا ایک بڑا چیلنج بن جاتا ہے۔

انہوں نے قومی مالیاتی وسائل کی تقسیم کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وسائل کی تقسیم کا 82 فیصد حصہ آبادی سے منسلک ہونا حوصلہ افزائی کے اصولوں سے متصادم ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کو ترقی کے اشاریوں سے منسلک کیا جائے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ آبادی میں اضافے کا مسئلہ براہِ راست بچیوں کی تعلیم، خواتین کی معاشی خودمختاری اور معاشرتی شعور سے جڑا ہوا ہے، جس کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ آبادی پر قابو پانا ملکی معاشی سلامتی، ترقیاتی اہداف کے حصول اور نئی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ اس قومی چیلنج سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔

Related Articles