ملک میں سب کچھ ری سیٹ ہونے والا ہے، نئے صوبوں پر عوامی رائے لی جائے،وزیر داخلہ

ملک میں سب کچھ  ری سیٹ ہونے والا ہے، نئے صوبوں پر عوامی رائے لی جائے،وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا بہتر طریقہ یہی ہے کہ عوام سے براہ راست رائے لی جائے۔ اگر عوامی ریفرنڈم میں لوگ نئے صوبوں کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں تو نئے صوبے بننے چاہئیں۔ ان کے مطابق عوامی سروے بھی نئے صوبوں کے حق میں سامنے آرہے ہیں، تاہم اگر اس معاملے کا کوئی اور بہتر حل موجود ہے تو اس کے لیے بھی عوام سے رجوع کیا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نئے صوبوں کے معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ آنے والے دنوں میں معاملات کو نئے سرے سے ترتیب دیا جائے گا اور تمام چیزیں ری سیٹ ہونے والی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں کرپشن موجود ہے، اس لیے جہاں بھی بدعنوانی ہو اسے تسلیم کرکے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملک کا پورا نظام درست ہونے والا ہے اور اصلاحات کے ذریعے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کا کنٹرول حکومت کے ہاتھ میں،اسلام آباد کا متنازعہ شاہکاراب فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد میں زمینوں پر قبضوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سرکاری اور دیگر اراضی پر بے دریغ قبضے کیے گئے ہیں۔ کارروائیاں صرف مولانا کے معاملے تک محدود نہیں بلکہ 5 سے 6 ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

آن لائن فراڈ اور تعلیمی امتحانات میں جعل سازی کے حوالے سے محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ ایک گینگ نے تقریباً 5 ہزار پاکستانیوں کو عالمی جامعات کے امتحانات پاس کروائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک بڑے اسکینڈل کا پردہ فاش کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ آن لائن جرائم کے زیادہ تر واقعات میں خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بچیوں کو بلیک میل کرنے اور انہیں آن لائن ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

editor

Related Articles