غیر ملکی ایئرلائنز کے ذریعے پاکستان سے سالانہ 2.4 ارب ڈالر بیرونِ ملک منتقل ہونے کا انکشاف

غیر ملکی ایئرلائنز کے ذریعے پاکستان سے سالانہ 2.4 ارب ڈالر بیرونِ ملک منتقل ہونے کا انکشاف

پاکستان میں آپریٹ کرنے والی غیر ملکی ایئرلائنز کی جانب سے فضائی ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے سالانہ 2.4 ارب ڈالر بیرونِ ملک منتقل کیے جانے کے انکشاف کے بعد تمام ایئرلائنز کے پانچ سالہ فارنزک ٹیکس آڈٹ کا مطالبہ سامنے آگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایئرکرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے بانی عمران اسلم خان نے وفاقی وزیر خزانہ کو خط لکھ کر غیر ملکی ایئرلائنز کی ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم کی بیرونِ ملک منتقلی اور ممکنہ ٹیکس چوری کے معاملے پر فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی ایئرلائنز کی جانب سے فضائی ٹکٹوں کی فروخت کے ذریعے سالانہ 2.4 ارب ڈالر بیرونِ ملک منتقل کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث اربوں ڈالر کی آمدن پاکستانی مالیاتی نظام سے باہر رہنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

عمران اسلم خان کے مطابق آف شور پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے ایئرلائن ٹکٹوں کی فروخت میں مبینہ ٹیکس چوری کے سنگین خدشات موجود ہیں، جن کی تحقیقات کے لیے پاکستان میں آپریٹ کرنے والی تمام ایئرلائنز کا گزشتہ پانچ سال کا فارنزک ٹیکس آڈٹ ناگزیر ہے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان آنے اور جانے والی تمام پروازوں کے ٹکٹوں کی ادائیگیاں لازمی طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریگولیٹڈ پیمنٹ گیٹ ویز کے ذریعے کی جائیں تاکہ مالی لین دین کو باضابطہ نظام کے تحت لایا جا سکے۔

خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام ایئرلائنز کی ٹکٹوں کی فروخت پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ذریعے براہِ راست ٹیکس وصولی یقینی بنائی جائے، جبکہ مسافروں اور فروخت ہونے والے ٹکٹوں کا مکمل ریکارڈ بھی ایف بی آر کو فراہم کیا جائے۔

عمران اسلم خان نے وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پانچ سالہ فارنزک ٹیکس آڈٹ اور مالیاتی نگرانی سے متعلق اقدامات یقینی بنائیں۔

Related Articles