دوست ملک کا پاکستانی طلبا کے لئے ہزاروں سکالرشپس کا اعلان

دوست ملک کا پاکستانی طلبا کے لئے  ہزاروں  سکالرشپس کا اعلان

دوست ملک چین نے پاکستانی طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرتے ہوئے سکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد بیرونِ ملک معیاری تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے نئے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مطابق چینی حکومت اور شنگھائی حکومت کی سکالرشپس کے تحت چین کی عالمی شہرت یافتہ فودان یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ایلیٹ پائینئر پروگرام 2026 کے لیے پاکستانی طلبہ سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹس کے مطابق یہ پروگرام ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر پیش کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ تمام مضامین مکمل طور پر انگریزی زبان میں پڑھائے جائیں گے، تاکہ بین الاقوامی طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ماسٹرز پروگرامز کے تحت فنانس، انٹرنیشنل بزنس، بگ ڈیٹا، سافٹ ویئر انجینئرنگ، چینی سیاست اور صحافت جیسے اہم اور جدید مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ اسی طرح پی ایچ ڈی سطح پر فزکس، بایولوجی، ماحولیاتی سائنس، ریاضی، پبلک مینجمنٹ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) جیسے شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اہم رہنما کو نوٹس جاری کردیا

سکالرشپ کے تحت منتخب ہونے والے طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس میں چھوٹ دی جائے گی، جبکہ یونیورسٹی ہاسٹل میں مفت رہائش، ماہانہ وظیفہ اور طبی انشورنس کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ماسٹرز پروگرام میں شامل طلبہ کو ماہانہ 3 ہزار چینی یوان جبکہ پی ایچ ڈی طلبہ کو 3 ہزار 500 چینی یوان تک وظیفہ دیا جائے گا۔

اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار کا غیر چینی شہری ہونا لازمی ہے۔ ماسٹرز پروگرام کے لیے بیچلرز جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے ماسٹرز ڈگری کی شرط رکھی گئی ہے۔ انگریزی زبان کی مہارت کے لیے آئی ای ایل ٹی ایس 6.5 یا اس کے مساوی اسناد درکار ہوں گی، تاہم وہ امیدوار جن کی سابقہ تعلیم انگریزی زبان میں رہی ہو، اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے متعلقہ سپروائزر کی پیشگی رضامندی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 فروری 2026 ہے۔ امیدوار مزید تفصیلات ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ آن لائن درخواست فودان یونیورسٹی کے پورٹل کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان افغانستان کے ساتھ سہ فریقی میکنزم جاری رکھنے پر متفق ہے، ترجمان دفتر خارجہ

Related Articles