کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کی تنخواہوں اور اخراجات پورے کرنے کے لیے رواں مالی سال کے دوران 10 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ منظوری جمعے کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کے ایک دعوے کی ادائیگی کے لیے ایک ارب روپے بھی منظور کیے گئے۔
ای سی سی نے اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے پروگراموں کے لیے مزید 10 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔ اس رقم سے مالی امداد، وظائف، یتیم اقلیتی لڑکیوں کے شادی گرانٹس، ہنگامی امداد اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی مرمت کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں پاکستان رینجرز پنجاب کے لیے ہیلی کاپٹر کے اسپیئر پارٹس کی خریداری اور مرمت کی ضروریات پوری کرنے کی غرض سے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے منظور کیے گئے۔
اسی طرح فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے زیر استعمال ہیلی کاپٹروں کی سالانہ مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔
ای سی سی نے دانش اسکولز اتھارٹی کے لیے پہلے سے منظور شدہ 2 ارب روپے کے اجرا سے متعلق فیصلے میں بھی ترمیم کی۔ نئے انتظام کے تحت جاری کردہ رقم میں سے 50 کروڑ روپے رواں مالی سال کے دوران انتظامی اور عملی اخراجات پر خرچ کیے جا سکیں گے۔
ان اخراجات میں عملے کی تنخواہیں، رہائش اور بورڈنگ کی سہولیات، بجلی و دیگر یوٹیلیٹی بلز، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی اور عمارتوں کی دیکھ بھال شامل ہیں۔