قائد حزب اختلاف کون ہوگا؟ حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا

قائد حزب اختلاف کون ہوگا؟ حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا

قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر نئے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو واحد امیدوار نامزد کیا گیا ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کی بطور قائد حزبِ اختلاف تقرری کی یقین دہانی بھی کرا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کر کے اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کی باضابطہ نامزدگی جمع کرائی۔ اس ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، سابق اسپیکر اسد قیصر، عامر ڈوگر، اقبال آفریدی اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری بھی موجود تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کا تقرر جمعرات تک مکمل ہو جائے گا اور اسپیکر قومی اسمبلی جب چاہیں اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن اس معاملے پر متحد ہے اور کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: باغ جناح کراچی میں 600 سے 700 تحریک انصاف ورکر ز موجود،اعلی پولیس ذرائع کی آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو

بیرسٹر گوہر علی نے پارٹی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں ہے اور بانی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے فیصلے کو کسی بھی سیاسی کمیٹی کی جانب سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کے فیصلوں پر مکمل اتفاق اور عمل درآمد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کے تقرر کے بعد سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے اسی طرز پر کارروائی مکمل کی جائے گی، تاکہ ایوانِ بالا میں بھی اپوزیشن کی قیادت کا معاملہ حتمی شکل اختیار کر سکے۔

Related Articles