منشیات فروشی کیس : انمول عرف پنکی و دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

منشیات فروشی کیس : انمول عرف پنکی و دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد

کراچی کی صوبائی انسدادِ منشیات عدالت نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے ڈیفنس تھانے میں درج منشیات فروشی کے مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کو فردِ جرم کے نکات پڑھ کر سنائے گئے تاہم کسی بھی ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات قبول نہیں کیے۔

عدالت نے مقدمے کی آئندہ کارروائی کے لیے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں پولیس اگست میں حتمی چالان عدالت میں جمع کرا چکی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں جمع کرائے گئے پولیس چالان کے مطابق منشیات کے مقدمے میں انمول عرف پنکی سمیت پانچ ملزمان گرفتار ہیں، جن میں سہیل، ذیشان، رائیڈر سمیر اور عاقب بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:منشیات اور قتل کیس ، انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

پولیس نے اسی مقدمے میں تین خواتین سمیت پانچ ملزمان کو مفرور قرار دیا ہے،  چالان میں صابرہ، حمیرا، اینا، حمزہ اور اعزاز کے نام شامل ہیں ، پولیس رپورٹ کے مطابق مفرور ملزمان حمزہ اور اعزاز کے مکمل کوائف بھی تاحال دستیاب نہیں ہوسکے۔

عدالت کی جانب سے فردِ جرم عائد کیے جانے کے بعد اب مقدمے میں استغاثہ کے گواہان کے بیانات اہمیت اختیار کرگئے ہیں، جن کی روشنی میں آئندہ عدالتی کارروائی آگے بڑھے گی۔

یاد رہے کہ انمول عرف پنکی کو رواں سال مئی میں کراچی کے علاقے گارڈن میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا،  پولیس کے مطابق اس کارروائی میں ملزمہ کے قبضے سے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا ۔

editor

Related Articles